جنوبی بھارتی مشہور اداکارہ سمانتھا پربھو کے سابق شوہر اداکار ناگا چیتنیا نے دوسری شادی کر لی ہے۔
اداکار ناگا چیتنیا اور سوبھیتا دھولیپالا نے ازدواجی زندگی کا آغاز کر دیا ہے۔ دونوں کی شادی کی تقریب بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں ہوئی، شادی کے بعد ان کی پہلی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
دونوں اسٹارز کے مداحوں کی جانب سے انکی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔ تصاویر میں جوڑے کو اپنے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کے درمیان اپنی خوشیوں کے لمحات بانٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
View this post on Instagram
شادی کے دن سوبھیتا نے روایتی کنجیورم ریشم کی ساڑھی پہنی، جس پر اصلی سنہری زری کا کام کیا گیا تھا جو ان کی ثقافتی جڑوں کی عکاسی کرتا ہے۔ دوسری جانب ناگا چیتنیا نے دلہن سے ہم آہنگ روایتی لباس کا انتخاب کیا اور دلہن کے ساتھ ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔


شادی کی تقریب اننا پورنا اسٹوڈیوز میں منعقد کی گئی، جسے ناگا چیتنیا کے دادا اکی نینی ناگیشورا راؤ نے 1976 میں قائم کیا تھا۔ اپنے دادا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ناگا چیتنیا نے روایتی پنچا بھی پہنا جبکہ سوبھیتا نے اپنی والدہ اور دادی کے سنہری زیورات پہن کر اپنی خاندانی روایت کو برقرار رکھا۔
یاد رہے کہ ناگا چیتنیا اس سے قبل جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکارہ سمناتھا پربھو کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک تھے تاہم ان دونوں کے درمیان تعلقات کی خرابی کے باعث انہوں نے 2022 میں راہیں جدا کرلی تھیں۔




















