Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عوام شادی سے متعلق شوبز کی خواتین کے بارے میں غلط تاثر رکھتے ہیں، یشما گل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشما گل نے کہا ہے کہ عوام شادی سے متعلق شوبز کی خواتین کے بارے میں غلط تاثر رکھتے ہیں۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکارہ یشما گل نے بتایا کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھنے کے لیے نہ صرف یومیہ ورزش کرتی ہیں بلکہ وہ اچھی غذا کے انتخاب سمیت ذہنی مسائل ہونے پر ماہرین سے رجوع بھی کرتی ہیں۔

انہوں نے شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں میں یہ تاثر ہوتا ہے کہ ملازمت پیشہ خواتین اور خصوصی طور پر اداکاراؤں کو شادی کی ضرورت نہیں ہوتی جو کہ غلط خیال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملازمت پیشہ خواتین اور اداکارائیں بھی اتنی ہی عورتیں ہوتی ہیں جتنی کہ دوسری ہوتی ہیں اور انہیں بھی دوسری خواتین کی طرح شادی کی ضرورت ہوتی ہے۔

یشما گل نے کہا کہ درحقیقت اداکاراؤں یا ملازمت پیشہ خواتین کو شادی یا ساتھی کی باقی عورتوں سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے، کیوں کہ انہیں کام کے دوران متعدد مسائل پیش آتے ہیں، اس لیے انہیں ساتھی کی ضرورت ہوتی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگوں میں یہ تاثر بھی ہوتا ہے کہ شوبز میں کام کرنے والی خواتین ہر وقت باہر ہوتی ہیں، پتا نہیں وہ گھر کو وقت دے پائیں گی یا نہیں اور پھر وہ شادی کی اہمیت کو سمجھتی ہیں یا نہیں؟

انہوں نے کہا کہ عوام شادی سے متعلق شوبز کی خواتین کے بارے میں غلط تاثر رکھتے ہیں، اداکاراؤں کو بھی گھر سنبھالنا، کھانا بنانا اور گھر کا ہر کام کرنا آتا ہے اور انہیں بھی شادی کی اہمیت کا علم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے لیے خاندان میں کبھی کبھار کوئی رشتہ آتا بھی ہے تو سب سے پہلے رشتہ لے کر آنے والوں کا یہ مطالبہ ہوتاہے کہ لڑکی شوبز میں کام کرنا چھوڑ دے اور وہ ایسا کرنا نہیں چاہتیں۔

یشما گل نے کہا کہ اگر انہیں ان کے خیالات کے مطابق 100 فیصد درست مرد ملا تو وہ ان کے لیے شوبز بھی چھوڑ دیں گی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماضی میں ہونے والے شوہر سے متعلق بھی بیان دیا تھا لیکن اس باوجود تاحال انہیں کوئی رشتہ موصول نہیں ہوا، انہوں نے اپنی دوستوں کی والداؤں کو رشتہ ڈھونڈنے کے لیے کہ رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض مرد ان سمیت اداکاراؤں سے تعلقات اور شادی کے لیے رابطہ بھی نہیں کرتے، کیونکہ ایسے لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ اداکارائیں مغرور ہوتی ہیں، ان کے پاس وقت نہیں ہوتا، ان کی دنیا کوئی اور ہوتی ہے۔

یشما گل نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوتا، اداکارائیں بھی عام انسان ہیں، ان کی دنیا میں بھی مسائل ہوتے ہیں، اگر کوئی اچھا شخص ہے تو وہ اداکاراؤں سے بھی شادی کے لیے رابطہ کر سکتا ہے۔