بھارت میں19 سالہ لڑکی نے انسٹاگرام پر لائیو خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں 19 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر انکور ناتھ نے انسٹاگرام پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران خودکشی کرلی۔
لائیو خودکشی کے وقت کم از کم 21 فالوورز آن لائن تھے، جنہوں نے یہ منظر براہ راست دیکھا، لیکن وہ اسے بچانے کیلئے بروقت کچھ نہ کرسکے۔
لائیو اسٹریمنگ کے دوران جب انکور ناتھ نے خودکشی کی باتیں شروع کیں تو چند مقامی لوگ رائے پور سے 150 کلومیٹر دور نواگڑھ قصبے میں اس کے گھر پہنچے۔ تاہم انہوں نے گھر کو اندر سے بند پایا۔
لوگوں کے پہنچنے پر پڑوسیوں نے انکور کے کمرے کا دروازہ توڑا جہاں وہ پھانسی سے لٹکی ہوئی تھی۔ سوشل میڈیا انفلوئنسر کو فوری طور پر قریبی مرکزِ صحت لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
انکور کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ انکور ناتھ سوشل میڈیا پر بہت مصروف رہتی تھی اور اکثر ایسی ریلیز اور ویڈیوز پوسٹ کرتی تھی جس پر بہت ویوز آتے۔
پولیس انفلوئنسر کی دماغی حالت کو سمجھنے کےلیے اس کے موبائل فون کی جانچ کر رہی ہے جس کی وجہ سے اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔
لڑکی کے والدین حیدرآباد میں کام کرتے ہیں، اور وہ ریاست کے دارالحکومت رائے پور سے تقریباً 150 کلومیٹر دور نواگڑھ قصبے میں اپنی بڑی بہن کے ساتھ رہتی تھی۔




















