کراچی : بھارت کے انتہا پسندرویے اور مودی سرکار کے جنگی جنون کیخلاف پاکستانی فنکار بھی بول اٹھے، پاکستانی شوبز ستاروں شمعون عباسی اور یاسر نواز نے واضح پیغام دے دیا کہ ’’پاکستان سب سے پہلے‘‘ ہے۔
پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارتی اقدامات کے جواب میں پاکستانی اداکار یاسر نواز نے ایک ویڈیو پیغام جاری کردیا ہے۔
ویڈیو پیغام میں یاسر نواز نے کہا ہے کہ بھارتی کیا سمجھتے ہیں کہ ہم نے چوڑیاں پہن رکھی ہیں؟ اگر تم ایٹمی طاقت ہو تو یاد رکھیں کہ پاکستان بھی ایٹمی طاقت رکھتا ہے۔
یاسرنواز نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ ہمارے درمیان سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں اس قسم کی صورتحال میں ہم متحد اور اور اپنے ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شمعون عباسی نے بعض بھارتی اداکاروں کی جانب سے انتہا پسند مودی سرکار کی حمایت میں پاکستان کے خلاف زہر اگلنے پرجواب دیا کہ ایک مہذب قوم ہونے کی حیثیت سے ہم پہلگام جیسے واقعات کی مذمت کرتے ہیں مگر بے وجہ اور غیر منطقی الزامات قطعی برداشت نہیں کیے جاسکتے۔
شمعون عباسی نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارتی میڈیا جعلی پروپیگنڈہ کرکے ثبوت کے بغیر پاکستان کے خلاف الزام تراشی کر رہا ہے اور بعض بھارتی اداکار بھی زہر اگل رہے ہیں، یہ سب بند ہونا چاہے ۔
