معروف گلوکار، نعت خواں اور مذہبی شخصیت جنید جمشید کے یوم پیدائش پر ان کی فنی اور سماجی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
جنید جمشید 3 ستمبر 1964 کو پیدا ہوئے اور پاپ موسیقی کے معروف بینڈ ’وائٹل سائنز‘ کے مرکزی گلوکار کی حیثیت سے ملک بھر میں شہرت حاصل کی۔ 1987 میں ’دل دل پاکستان‘ کی ریلیز نے انہیں غیر معمولی مقبولیت دلائی اور یہ گیت آج بھی پاکستانی موسیقی اور قومی جذبے کی ایک نمایاں علامت سمجھا جاتا ہے۔
جنید جمشید نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے تعلیم حاصل کی۔ موسیقی کے میدان میں اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد مقبول گیت اور البمز پیش کیے۔ 1994 میں ان کی پہلی سولو البم ’جنید آف وائٹل سائنز‘ منظرِ عام پر آئی جس کے بعد ’اس راہ پر‘ اور ’دل کی بات‘ سمیت دیگر البمز نے ان کی مقبولیت کو مزید بڑھایا۔
تاہم 2004 میں جنید جمشید نے موسیقی کو خیرباد کہہ کر مذہبی تعلیمات اور تبلیغ کے راستے کو اختیار کرلیا۔ وقت کے ساتھ ان کا شمار معروف نعت خواں اور مذہبی شخصیات میں ہونے لگا اور ان کی آواز میں پڑھی جانے والی نعتوں نے بھی انہیں خاص پہچان دی۔
جنید جمشید نے کاروباری میدان میں بھی قدم رکھا اور ’جے ڈاٹ‘ کے نام سے ملبوسات کا کاروبار شروع کیا جس کی شاخیں ملک کے مختلف شہروں میں قائم ہوئیں۔
جنید جمشید 7 دسمبر 2016 کو پی آئی اے کی پرواز 661 کے المناک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ چترال سے تبلیغی دورے کے بعد اسلام آباد واپس آرہے تھے کہ طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں عملے کے ارکان سمیت تمام 48 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
جنید جمشید کی فنی، مذہبی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2018 میں بعد از مرگ ’ستارہ امتیاز‘ سے نوازا گیا۔
