شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایڈونچر سرگرمیوں کے شوقین افراد کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے زندگی کی قدر کرنے کی اپیل کی ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں بشریٰ انصاری نے اپنے بھانجے شیراز ناصر کا ذکر کیا جو پیرا گلائیڈنگ کے ایک حادثے میں انتقال کرگئے تھے۔
اداکارہ نے جان کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں کے مقصد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ محض تفریح کے لیے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالنا دانش مندی نہیں۔
بشریٰ انصاری نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ایڈونچر سرگرمیوں میں حصہ لیتے وقت اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور کسی بھی سرگرمی کا حصہ بننے سے قبل اس کے ممکنہ خطرات پر ضرور غور کریں۔
انہوں نے اپنی مرحومہ بڑی بہن سنبل شاہد کا بھی ذکر کیا جو اپنے بیٹے کے انتقال کے صدمے سے نہ سنبھل سکیں اور کچھ عرصے بعد انتقال کرگئیں۔
سینئر اداکارہ نے اپنے پیغام میں زندگی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے لوگوں کو ذمہ دارانہ فیصلے کرنے اور غیر ضروری خطرات سے بچنے کی تلقین کی۔
