پاکستانی ٹی وی کی سینئر اداکارہ حمیرا بانو اور اداکار عثمان پیرزادہ نے اپنے درمیان شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کردی۔
حمیرا بانو نے اگست میں اپنی شادی کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی تاہم انہوں نے اپنے شوہر کا چہرہ سوشل میڈیا پر ظاہر نہیں کیا جس کے بعد ان کی شادی کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آنے لگیں۔
سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر یہ دعویٰ کیا گیا کہ حمیرا بانو نے عثمان پیرزادہ سے شادی کرلی ہے اور عثمان پیرزادہ نے اپنی اہلیہ ثمینہ پیرزادہ کو طلاق دے دی ہے۔
ان افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے عثمان پیرزادہ نے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران تمام دعوؤں کو مسترد کردیا اور کہا کہ میں صرف اتنا جانتا ہوں کہ میری ایک ہی اہلیہ ہے اور میں دعا کرتا ہوں کہ وہ آئندہ 50 برس تک میری اہلیہ رہے۔
عثمان پیرزادہ کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ پیسے اور کلکس کے لیے جھوٹی خبریں کیوں پھیلاتے ہیں جبکہ حمیرا بانو کے ساتھ میرا نام جوڑنے کی وجہ بھی مجھے معلوم نہیں۔
اداکار نے کہا کہ ان افواہوں سے مجھے ذاتی طور پر کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم میرے حقیقی مداح ضرور پریشان ہوئے اور مجھے متعدد تشویش میں مبتلا مداحوں کی فون کالز موصول ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے حمیرا بانو اور ان کے شوہر سے بات کی اور تینوں نے ان افواہوں کو مذاق کے طور پر لیا، میری طلاق سے متعلق افواہیں اس سے قبل بھی کئی مرتبہ سامنے آچکی ہیں اور ایسی باتیں چلتی رہتی ہیں۔
دوسری جانب حمیرا بانو نے بھی عثمان پیرزادہ اور اداکارہ عظمیٰ طاہر کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے شادی کے دعوؤں کی تردید کردی۔
