پاکستانی اداکار و گلوکار ثمر جعفری نے زندگی کے بارے میں اپنی بدلتی سوچ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنے کی کوشش ترک کرکے اللہ کے فیصلوں پر بھروسہ کرنا سیکھ لیا ہے۔
ایک نجی میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں ثمر جعفری نے بتایا کہ وقت کے ساتھ میں نے زندگی کی رفتار کو کچھ سست کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ناکامیوں کو بھی قبول کرنا سیکھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماضی میں میں چاہتا تھا کہ زندگی کے تمام معاملات میری مرضی اور منصوبہ بندی کے مطابق چلیں تاہم وقت کے ساتھ مجھے احساس ہوا کہ ہر چیز انسان کے اختیار میں نہیں ہوتی۔
ثمر جعفری کا کہنا تھا کہ اللہ کے فیصلے پر یقین اور بھروسے نے میری سوچ میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کیا جس کے بعد میں نے ناکامیوں کو زندگی کے سفر کا حصہ سمجھنا شروع کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر چیز کو کنٹرول کرنے کی خواہش چھوڑنے کے بعد زندگی کو دیکھنے کا میرا انداز بدل گیا ہے اور اب میں مختلف حالات کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ سکون اور قبولیت کے ساتھ لیتا ہوں۔
