پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے سابقہ گرل فرینڈ اور اداکارہ ہانیہ عامر کے ڈیبیو گانے ’پابلو‘ کی کھل کر تعریف کی جس کے بعد دونوں کے دوبارہ ایک ساتھ ہونے سے متعلق افواہیں ایک بار پھر زیرِ بحث آگئی ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو میں عاصم اظہر نے ہانیہ عامر کے گانے ’پابلو‘ کو سراہتے ہوئے اسے ’بینگر‘ قرار دیا اور انہوں نے ہانیہ کو بہترین فنکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بطور آرٹسٹ انہیں ایک نئے انداز میں دیکھنا دلچسپ تجربہ ہے۔
عاصم اظہر نے خاص طور پر گانے کے بول کی تعریف کی جو ہانیہ عامر نے خود تحریر کیے ہیں اور کہا کہ پاکستانی میوزک سننے والوں کو موسیقی کو مقابلے کے بجائے اظہار کا ذریعہ سمجھنا چاہیے اور ہر گانے پر ضرورت سے زیادہ تنقید سے گریز کرنا چاہیے۔
گلوکار نے امید ظاہر کی کہ ہانیہ عامر کا موسیقی کے شعبے میں قدم رکھنا پاکستان اور جنوبی ایشیا کی دیگر لڑکیوں کو بھی پاپ میوزک کی جانب آنے کی ترغیب دے گا۔
واضح رہے کہ عاصم اظہر اور ہانیہ عامر ماضی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں رہ چکے ہیں۔ حالیہ عرصے میں دونوں کی ملاقاتوں اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کے باعث ان کے دوبارہ ساتھ ہونے کی قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں تاہم دونوں نے اپنے تعلق کی بحالی کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
