Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صبا قمر کے الفاظ اقراء عزیز کے لیے کیوں اتنے خاص ہیں؟ جذباتی پیغام وائرل

صبا قمر کو دیکھ کر بہت کچھ سیکھا، اقراء عزیز کا اعتراف

پاکستان کی معروف اداکارہ اقراء عزیز نے سینئر اداکارہ صبا قمر کی جانب سے ملنے والی تعریف پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کے الفاظ میرے لیے بہت اہم ہیں۔

اقراء عزیز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر صبا قمر کی ایک ویڈیو اپنی اسٹوری پر شیئر کی جس میں صبا قمر ایک تقریب کے دوران اقراء عزیز کی اداکاری کو سراہتی اور انہیں غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل اداکارہ قرار دیتی نظر آئیں۔

صبا قمر نے اقراء عزیز کی اداکاری میں موجود جذبے، شدت، لگن اور جذباتی گہرائی کی بھی تعریف کی۔

سینئر اداکارہ کی جانب سے ملنے والی پذیرائی پر اقراء عزیز نے جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے صبا قمر سے اپنی دیرینہ عقیدت اور احترام کا اظہار کیا۔

اقراء عزیز نے لکھا کہ آپ کو اندازہ نہیں کہ آپ کے الفاظ میرے لیے کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔ آپ ان بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہیں اس ملک کے لوگوں نے دیکھنے کا اعزاز حاصل کیا ہے اور میں طویل عرصے سے آپ کے کام کو سراہتی آئی ہوں۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں برسوں سے صبا قمر کے کام کو قریب سے دیکھتی آئی ہوں اور بالخصوص بالی ووڈ فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ میں ان کی اداکاری کو کئی مرتبہ دیکھ چکی ہوں۔

اقراء عزیز نے مزید لکھا کہ میں نے ’’ہندی میڈیم‘‘ اتنی بار دیکھی ہے کہ اب اس کی تعداد گننا بھی ممکن نہیں۔ صبا قمر کو دیکھ کر میں نے بہت کچھ سیکھا، اسی لیے سینئر اداکارہ کی جانب سے اپنے لیے تعریف سننا میرے لیے انتہائی خاص اور اعزاز کی بات ہے۔

دونوں اداکاراؤں کے درمیان ہونے والی اس محبت بھری گفتگو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version