معروف بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے خلاف 2010 کے ایک خودکشی کیس میں اتر پردیش کے شہر جھانسی کی عدالت نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے اداکارہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ راکھی ساونت کے ٹی وی شو ’راکھی کا انصاف‘ میں ایک شخص کے خلاف مبینہ توہین آمیز اور نامناسب ریمارکس سے متعلق ہے جس نے بعدازاں خودکشی کرلی تھی۔
رپورٹس کے مطابق فاسٹ ٹریک کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے راکھی ساونت کی جانب سے بار بار عدالت میں پیش نہ ہونے پر 16 اکتوبر کو وارنٹ جاری کیے اور پولیس کو حکم دیا ہے کہ اداکارہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
سرکاری وکیل مریدول کانت سریواستو کے مطابق مقدمے کی آئندہ سماعت یکم دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔
یہ مقدمہ جھانسی کے علاقے ہنساری، پریم نگر کے رہائشی لکشمن اہروار کی موت سے متعلق ہے جو 10 نومبر 2010 کو انتقال کرگئے تھے۔
لکشمن اہروار کی موت کے بعد ان کی والدہ ساوتری نے مقدمہ درج کرایا تھا۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ راکھی ساونت نے اکتوبر 2010 میں نشر ہونے والے اپنے پروگرام کے دوران ان کے بیٹے کے لیے توہین آمیز اور نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔ اسی معاملے پر اداکارہ کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
