Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اداکاری چھوڑنے کے باوجود سورابھ شکلا نے جولی ایل ایل بی میں کیوں کام کیا؟

بالی ووڈ اداکار سورابھ شکلا نے جولی ایل ایل بی سے قبل شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا لیکن اس فلم نے انہیں دونارہ فلمی دنیا میں آنے پر مجبور کردیا

بھارتی میڈیا سے بات چیت میں سورابھ کا کہنا تھا کہ میں اپنے کیریئر کے اس مرحلے سے گزر رہا تھا جہاں لوگ کہتے تھے کہ میں ایک اچھا اداکار ہوں لیکن مجھے بڑے کردار نہیں ملتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے انہوں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ اب فلموں میں اداکاری نہیں کریں گے بلکہ اپنے آپ کو اسکرپٹ رائٹنگ تک محدود کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پھر اسی دوران فلم برفی اور جولی ایل ایل بی آئیں اور انہوں نے میرے فلمی کیریئر کو تبدیل کردیا۔

سورابھ شکلا کا کہنا تھا کہ فلم ڈائریکٹر سبھاش کپور نے مجھے فلم کی اسکرپٹ دکھائی اور فلم میں جج کے کردار کی پیشکش کی، یہ دیکھ کر میرا منہ اتر گیا تھا کیونکہ میرا خیال تھا کہ یہ کوئی اتنا بڑا کردار نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب فلم ڈائریکٹر نے انہیں اسکرپٹ بتایا تو میں نے اپنا ذہن تبدیل کرلیا اور میں نے ان سے کہا کہ ’یہ کردار کوئی نہیں کرے گا، آپ اس کے لیے کسی کے پاس نہیں جائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ میں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران اچھا وقت گزارا اور لوگوں نے فلم اور اس کردار کو بھی بہت پسند کیا جس کے باعث مجھے نیشنل ایوارڈ بھی ملا۔ اور یہی وجہ ہے کہ میں نے دوبارہ اداکاری میں دلچسپی لی۔

Exit mobile version