Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بہتر جلد کے لیے ان 4 وٹامنز سے بھرپور غذا کا استعمال کریں

چہرے کی جلد جتنی صاف اور ہموار ہوگی یہ آپ کی شخصیت کو انتا ہی متاثر کن بنائے گی جلد کی دیکھ بھال کرنا آپ کی صحت مند رہنے کے طریقہ کارمیں ایک ہے۔

ماہرین جلد کا کہنا ہے کہ جلد کوصحت مند رکھنے کے لیے سب سے اہم کام اسے سورج کی مضر شعاعوں سے بچانا ہے۔ اگرچہ سورج کی روشنی جلد کو متاثر ضرور کرتی تاہم یہ وٹامن ڈٰی کے  حصول کا سب سستا آسان ذریعہ بھی ہے۔ وٹامن ڈی آپ کی جلد کے لیے وٹامن سی، ای اور کے کے ساتھ بہترین وٹامنز میں سے ایک ہے۔ اگر آپ کی جلد پر گہرے دھبے، سرخی، جھریاں، کھردرے پیچ اور ضرورت سے زیادہ خشکی ہے تو یہ وٹامن ڈی کی کمی کی علامات ہوسکتی ہیں۔

جلد کے لیے ضرروی وٹامنز قدرتی غذا کے ساتھ سپلیمینٹس کی صورت میں بھی آسانی حاصل کئے جاسکتے ہیں جبکہ یہ جلد کی دیکھ بھال کرنے والی مصنوعات میں بھی پائے جاتے ہیں۔ یہاں ان  چار ضروری وٹامنز کے بارے بتایا جارہا ہے جو آپ کی جلد کی بہترین صحت کو برقرار رکھنے میں معاوں ثابت ہوں گے۔

وٹامن ڈی

یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ وٹامن ڈی کے حصول کا سب سے مؤثر ذریعہ سورج کی روشنی ہے یہ اس وقت بنتا ہے جب سورج کی روشنی آپ کی جلد میں جذب ہوتی ہے۔ ایسا ہونے پر کولیسٹرول وٹامن ڈی میں بدل جاتا ہے۔ پھر یہ وٹامن ڈی جگر اور گردے کے ذریعے صحت مند خلیات بنانے میں مدد کے لیے پورے جسم میں منتقل ہوتے ہیں۔ اس میں جلد بھی شامل ہے، اس طرح وٹامن ڈی جلد کی رنگت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

کلسٹرول وٹامن ڈی کی ایک ایسی قسم ہے جسے انسان قدرتی طور پر پیدا کرتا ہے۔  اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی میں لینس پالنگ انسٹی ٹیوٹ روزانہ 600 آئی یو وٹامن ڈی لینے کی سفارش کرتا ہے۔ اگر آپ حاملہ ہیں یا 70 سال سے زیادہ عمر کے ہیں توآپ کو اس کی زائد مقدار کی ضرورت ہے۔ آپ وٹامن ڈی سورج سے حاصل کرنے کے ساتھ  مختلف غذاؤں، جیسے ناشتے میں سیریلز، اورنج جوس، اور دہی جبکہ کھانے میں سالمن، ٹونا اور کوڈ سے بھی لے سکتے ہیں۔

وٹامن سی

وٹامن سی ایپیڈرمس جسے جلد کی بیرونی تہہ کہا جاتا ہے کے ساتھ ساتھ ڈرمس یعنی جلد کی اندرونی تہہ میں کثیر مقدارمیں پایا جاتا ہے۔ یہ وٹامن اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات اور کولیجن کی پیداواربڑھانے کی وجہ سے جلد کو صحت مند رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وٹامن سی بہت سے اینٹی ایجنگ یا جلد کی دیکھ بھال کرنے والی مصنوعات میں ایک بنیادی جز کی حیثیت رکھتا ہے۔

وٹامن سی کو سپلیمنٹس یا غذا کے  طور پر لینا سورج کی نقصان دہ یو وی  شعاعوں سے تحفظ کے لیے آپ کی جلد پر لگائی جانے والی سن اسکرین کی تاثیر کو بڑھا سکتا ہے۔ یہ خلیہ کے نقصان کو کم کرکے اور جسمانی زخموں کے بھرنے کے عمل میں مدد فراہم کرتا ہے۔

وٹامن سی جسم کے قدرتی کولیجن کو بڑھاکر عمر رسیدگی کے اثرات کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ وٹامن سی کی مناسب مقدار خشک جلد کی مرمت اور روک تھام میں بھی مدد کر سکتی ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور غذاؤں میں ترش پھل جیسے لیموں، نارنگی، اسٹرابیری، بروکولی اور پالک شامل ہیں۔

وٹامن ای

وٹامن سی کی طرح، وٹامن ای بھی ایک اینٹی آکسیڈینٹ ہے، جلد کی دیکھ بھال میں اس کا بنیادی کام سورج کے نقصان سے بچانا ہے۔ اس طرح جلد پر سیاہ دھبوں اور جھریوں کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔

عام طور پر، جسم سیبم کے ذریعے وٹامن ای پیدا کرتا ہے، ایک تیل والا مادہ جو جلد کے مسامات سے خارج ہوتا ہے۔ سیبم جلد کو کنڈیشنڈ رکھنے میں مدد کرتا ہے اور خشکی کو روکتا ہے۔ اگر آپ کی جلد خشک ہے تو، وٹامن ای ممکنہ طور پر سیبم کی کمی کا مقابلہ کرنے میں مدد کرسکتا ہے جبکہ یہ جلد کی سوزش کے علاج میں بھی مفید تصور کیاجاتا ہے۔

اگرچہ وٹامن ای جلد کی دیکھ بھال کرنے والی بہت سی مصنوعات میں شامل ہوتا ہے تاہم سورج کی روشنی میں اس کا اثر کم ہوجاتا ہے۔ اس لیے اسے غذا سے حاصل کرنا نہایت ضروری ہے وٹامن ای سے بھرپورغذاؤں میں گری دار میوے اور بیج ، جیسے بادام، ہیزلنٹ، اور سورج مکھی کے بیج شامل ہیں۔

وٹامن کے

وٹامن کےجسم کے خون جمنے کے عمل میں مدد فراہم کرتا ہے اس طرح  جسم کے زخم اورخراشیں فوری مندمل ہوتی ہیں۔ اس کی کمی سے جلد پردھبے اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نمودار ہوسکتے ہیں۔ وٹامن کے سے بھرپور غذاؤں میں گوبھی، پالک، لیٹش، گوبھی اور سبز پھلیاں شامل ہیں۔

وٹامن جلد کی صحت کے لیے ضروری ہیں

جیسا کہ وٹامنز آپ کی صحت اور جسم کے افعال کے لیے ضروری ہیں، ان وٹامنز کی کمی جلد پر منفی اثرات کا سبب بن سکتی ہے۔ چونکہ وٹامن سی اور ای آپ کی جلد کو سورج سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے دونوں میں سے کسی ایک وٹامن کی کمی جلد کو پہنچنے والے نقصان کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔ کوشش کریں ان چاروں وٹامنز کو غذا کے ذریعے حاصل کیاجائے تاہم اگر یہ ممکن نہ ہوتو اس کے سپلیمینٹس بھی لیے جاسکتے ہیں۔