Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رات گئے تک جاگنے سے انسان کی شخصیت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ رات گئے تک جاگنے سے انسان کی شخصیت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔

 اکثر اس عادت کے حوالے سے صحت کو پہنچنے والے نقصانات کی تحقیقی رپورٹس سامنے آتی رہتی ہیں، مگر اب ایسی تحقیقات سامنے آئی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ اس عادت سے انسانی شخصیت پر مثبت اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔

زیادہ تخلیقی ذہن

اٹلی میں ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد زیادہ تخلیقی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

تحقیق کے دوران مختلف ٹیسٹوں کو رات گئے تک جاگنے والے افراد نے بہت آسانی سے پاس کرلیا جبکہ صبح جلد جاگنے والوں کو کچھ مشکلات کا سامنا ہوا۔

ذہنی تھکاوٹ کا کم سامنا ہوتا ہے

ایک تحقیق میں صبح جلد جاگنے والے افراد اور رات گئے تک جاگنے والے افراد کی ذہنی مستعدی کے درمیان فرق کی جانچ پڑتال کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ بیداری کے وقت سے قطع نظر رات گئے تک جاگنے والے افراد کا ذہن دوسرے گروپ کے مقابلے میں زیادہ طویل عرصے تک مستعد رہتا ہے اور جلد تھکاوٹ کا شکار نہیں ہوتا۔

جسمانی مضبوطی

ایک تحقیق میں صبح جلد جاگنے والوں اور رات گئے تک جاگنے والے افراد کی ٹانگوں کی مضبوطی کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ صبح جلد جاگنے والے افراد کی ٹانگوں کی مضبوطی دن بھر میں مستحکم رہتی ہیں جبکہ رات گئے تک جاگنے والوں میں شام کے وقت اس مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے۔

منطقی سوچ کے مالک

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد منطقی کاموں پر مبنی ٹیسٹوں میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

ایسے افراد حقائق کی بنیاد پر نتائج اخذ کرتے ہیں۔

زیادہ ذہین ہو سکتے ہیں

ایک تحقیق میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد صبح جلد جاگنے والوں سے زیادہ ذہین ہو سکتے ہیں۔

اس تحقیق میں 80 طالبعلموں کو شامل کیا گیا تھا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ پڑھائی میں زیادہ قابل طالبعلم رات گئے تک جاگنے کے عادی تھے۔

مشاغل کے لیے زیادہ وقت ہوتا ہے

ویسے تو ہر فرد کا فارغ وقت گزارنے کا اپنا طریقہ ہوتا ہے مگر رات گئے تک جاگنے والے افراد کے پاس کچھ زیادہ وقت ہوتا ہے، کیونکہ  انہیں جلد سونے کی پریشانی نہیں ہوتی۔

اس وجہ سے بھی ایسے افراد کو زیادہ تخلیقی سوچ کا مالک تصور کیا جاتا ہے۔

تناؤ سے بچنے کے لیے زیادہ وقت ہوتا ہے

رات گئے تک جاگنے والے افراد کے پاس تناؤ میں کمی لانے والی سرگرمیوں کا حصہ بننے کے لیے زیادہ وقت ہوتا ہے۔

بچوں کے لیے ہر وقت حاضر

رات گئے تک جاگنے والے افراد جب والدین کا کردار سنبھالتے ہیں تو ان کی جسمانی گھڑی ایک مضبوطی ثابت ہوتی ہے۔

بیشتر نومولود بچے ایک وقت میں 2 سے 4 گھنٹے تک سوتے ہیں اور بار بار روتے بھی ہیں تو ان کے والدین کی نیند متاثر ہوتی ہے۔

ان حالات میں رات گئے تک جاگنے کے عادی افراد کے لیے بچوں کو سلانا آسان ہوتا ہے یا اگر بچے بیمار ہوں تو وہ اس کے لیے پوری رات آسانی سے جاگ لیتے ہیں۔