Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صبح اٹھنے کا وہ وقت جو آپ کی زندگی بدل سکتا ہے

ماہرین کا کہنا ہے کہ علی الصبح جلدی اٹھنے کے فوائد پر اگر ذرا گہری نظرڈالی جائے تو یقیناً بیشتر افراد یہ عادت اپنانے پر مجبور ہو جائیں گے۔

حال ہی میں نیو ٹریڈریو نامی ویب سائٹ پر شائع امریکی ماہر سٹیوبرنز کے لکھے گئے مضمون میں صبح جلدی جاگنے کے فوائد بیان کیے گئے ہیں۔

مضمون میں لکھا ہے کہ بیشتر کامیاب لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ان کی کامیابی کا اہم ترین عنصرصبح 4 بجے جاگنا ہے۔

اس کے علاوہ جلد جاگنے سے طرز زندگی پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

صبح سویرے اٹھنے کے فوائد

بہترنیند کا معیار

جلد سونا اور پھرجلد جاگنا نیند کا شیڈول منظم کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے اور آپ دن بھر زیادہ پرسکون اور تروتازہ رہتے ہیں۔

کام کرنے کی پیداواری صلاحیت اورتحریک میں اضافہ

جلدی بیدارہونے کی صورت میں آپ کے پاس دن کی منصوبہ بندی، ورزش اوربغیر کسی خلفشارکے اپنا کام مکمل کرنے کا وقت ہوتا ہے جس سے اہداف حاصل کرنے سے متعلق پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔

ٹائم مینجمنٹ میں بہتری

جلدی جاگنے کے لیے نظم وضبط اورخود پرقابو پانا ضروری ہے اور یہی عادت اپنا وقت بہترین طریقے سے استعمال کرنے اورانتظامی مہارت کیلئے ضروری کاموں کو ترجیح دینے کی صلاحیت بہتربناتی ہے۔

اچھی ذہنی صحت

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ صبح جلدی اٹھنے والے افراد میں ذہنی تناؤ اوراضطراب کی سطح کم ہوتی ہے کیونکہ علی الصبح اٹھنے سے آپ دن کا پرسکون آغاز کرسکتے ہیں جس کا آپ کی ذہنی صحت پرمثبت اثرہوتا ہے۔

تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ

ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ صبح کے وقت تخلیقی صلاحیتیں اپنے عروج پرہوتی ہیں اور جلدی اٹھنے والے اس پرائم ٹائم کو نئے آئیڈیاز کے ساتھ تخلیقی منصوبوں پر کام کرنے کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔

اعتماد میں اضافہ اورکامیابی کا احساس

صبح جلدی بیدار ہونا اور کام مکمل کرنا آپ کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہوئے مزید کام کرنے کی ترغیب دے سکتا ہے۔

اس کے علاوہ ذاتی سرگرمیوں جیسے پڑھنے یا مراقبہ کے لیے زیادہ وقت مل سکتا ہے۔ اس سے خود آگاہی اوراپنی ذات میں مزید بہتری لانے کا موقع مل جاتا ہے۔