ماہرین کا کہنا ہے کہ جسمانی طور پر فٹ رہ کر ہائی بلڈ پریشر کے جان لیوا نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔
حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جسمانی فٹنس کا خیال رکھ کر ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد میں دل کی شریانوں سے جڑے امراض سے موت کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔
تحقیق میں 42 سے 61 سال کی عمر کے 22 سو سے زیادہ افراد کو شامل کرکے ان کی صحت اور جسمانی فٹنس کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں؛ ہائی بلڈ پریشر کی 6 علامات جنہیں جان کر آپ بڑے نقصان سے بچ سکتے ہیں
29 سال کے طویل عرصے کے دوران تحقیق میں شامل 644 افراد دل کی شریانوں سے جڑے امراض کے باعث ہلاک ہوگئے۔
تحقیق کے نتائج سے دریافت کیا گیا کہ ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد میں امراض قلب سے موت کا خطرہ 39 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، مگر جسمانی طور پر ناقص فٹنس والے افراد میں یہ خطرہ دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر اور جسمانی فٹنس کی کمی سے امراض قلب سے موت کا خطرہ بڑھتا ہے جبکہ اچھی فٹنس سے کافی حد تک تحفظ مل جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں 30 سے 79 سال کے لگ بھگ ایک ارب 30 کروڑ افراد ہائی بلڈ پریشر کے شکار ہیں۔




















