بڑھتی عمر کے ساتھ بالوں کا سفید ہونا ایک عام سی بات ہے لیکن کچھ افراد کے بال کم عمری میں ہی سفید ہو جاتے ہیں۔
کیا آپ کو کم عمری میں بال سفید ہونے کے پیچھے کی وجہ معلوم ہے؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
کم عمری میں بالوں کے سفید ہونے کی وجہ عموماً موروثی ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق 99 فیصد کیسز میں کم عمری میں بالوں کی سفیدی ماں اور باپ سے منتقل ہونے والے ڈی این اے کا نتیجہ ہوتی ہے۔
تحقیقی رپورٹس میں چند ایسے جینز کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جو بالوں کی سفیدی میں کردار ادا کرتے ہیں۔
کئی بار یہ اثر دادا، دادی یا نانا، نانی سے بھی منتقل ہوتا ہے یعنی والدین کے بال تو درمیانی عمر میں سفید ہوتے ہیں، مگر ان کے بچے جوانی میں سفید بالوں کے مالک بن جاتے ہیں۔
البتہ اگر خاندان میں کسی کے بال جوانی میں سفید نہیں ہوئے اور آپ کے بال اچانک تیزی سے سفید ہونے لگے تو ڈاکٹر سے رجوع کرلینا چاہیے۔
کئی بار وٹامن بی 12 کی کمی، تھائی رائیڈ مسائل اور خون کی کمی سے بھی بالوں کی رنگت ختم ہونے لگتی ہے۔




















