کیا آپ ایسی غذا کے بارے میں جانتے ہیں جو آپ کی نیند کو متاثر کرتی ہے؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جنک یا فاسٹ فوڈ کھانے کی عادت نیند کے معیار پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔
اس تحقیق میں 15 صحت مند افراد کو شامل کرکے ان کی غذا اور نیند کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
ان افراد کو 2 مختلف اقسام کی غذائیں استعمال کرائی گئیں۔ ایک قسم کی غذا زیادہ چینی، چکنائی اور پراسیس اشیا پر مشتمل تھی جبکہ دوسری صحت کے لیے فائدہ مند اشیا پر مشتمل غذا تھی۔
لوگوں کو دونوں اقسام کی غذاؤں کا استعمال ایک، ایک ہفتے تک کرایا گیا جبکہ ان کی نیند کے دورانیے اور معیار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ دونوں اقسام کی غذا سے لوگوں کی نیند کے دورانیے پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوتے، مگر جنک فوڈ سے نیند کا معیار متاثر ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جنک فوڈ کے استعمال کے بعد نیند کم گہری ہوتی ہے، درحقیقت بڑھاپے یا بے خوابی سے نیند پر مرتب ہونے والے اثرات دیکھنے میں آتے ہیں۔




















