چکن کا گوشت تقریباً سبھی لوگ شوق سے کھاتے ہیں اور اکثر لوگ ایک ماہ کیلئے ایک ساتھ ہی لا کر فریج میں رکھ دیتے ہیں۔
آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ چکن کا گوشت فریزر اور فریج میں کتنے عرصے تک رکھا جاسکتا ہے۔
زیادہ تر خواتین مرغی کے کچے گوشت کو فریز ہی کرتی ہیں جب کہ پکا ہوا سالن اگر ایک دو روز میں کھانا ہو تو اسے فریج میں رکھ دیا جاتا ہے، لیکن فریزر میں رکھے گوشت کی بھی ایک مدت ہوتی ہے، جس کے بعد وہ خراب ہونا شروع ہوجاتا ہے۔
فریج میں چکن کتنے دن محفوظ رہتا ہے؟
شعبہ امریکی محکمہ زراعت (USDA) کے مطابق کچے چکن کو فریج میں تقریباً ایک سے دو دن تک رکھا جاسکتا ہے، یہ خراب نہیں ہوگا، جب کہ پکا ہوا مرغی کا سالن یا بروسٹ وغیرہ فریج میں تین سے چار دن تک محفوظ رہ سکتا ہے۔
فریج میں چکن کو ذخیرہ کرنے سے بیکٹیریا کی افزائش کم ہوتی ہے۔
فریزر میں چکن کب تک رکھا جاسکتا ہے؟
اگر آپ کا ارادہ مرغی کا گوشت کافی عرصے تک محفوظ رکھنے کا ہے تو اسے فریزر میں رکھیں۔
کچے چکن کو مختلف حصوں میں کرکے 9 ماہ تک فریزر میں رکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک پورا چکن 1 سال تک فریزر میں رکھ سکتے ہیں۔
پکے ہوئے چکن کے گوشت کو فریزر میں 2 سے 6 ماہ تک رکھا جا سکتا ہے، بہتر ہے اسے کسی ایسے پلاسٹک بیگ یا کنٹینر میں رکھیں جس سے ہوا کا گزر ممکن نہ ہو۔




















