اکثر لوگوں کو رات گئے تک جاگنے کی عادت ہوتی ہے لیکن کیا آپ اس کا نقصان جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رات گئے تک جاگنے کی عادت قبل از وقت موت کا باعث بن سکتی ہے۔
تحقیق میں 24 ہزار کے قریب جڑواں افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کا جائزہ 1981 سے 2018 تک لیا گیا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے کیونکہ وہ تمباکو نوشی اور ناقص غذا استعمال کرنے کو صبح جلد جاگنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔
تحقیق میں شامل افراد سے پوچھا گیا تھا کہ وہ صبح جلد جاگنا پسند کرتے ہیں یا رات گئے تک جاگتے ہیں یا خود کو ان دونوں کے درمیان تصور کرتے ہیں۔
10 فیصد جڑواں افراد نے خود کو رات گئے تک جاگنے والا قرار دیا جبکہ 29 فیصد نے خود کو علی الصبح جاگنے والا بتایا، باقی سب درمیان کی کیٹیگری کا حصہ بنے۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔




















