Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا ورزش سے دیگر نقصان دہ عادات کے خطرات سے بچنا ممکن ہو سکتا ہے؟ جانیے

جینز اور جنس ایسے عناصر ہیں جن کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا مگر دیگر متعدد عادات جیسے غذا، جسمانی سرگرمیاں، تناؤ کو کنٹرول کرنا، تمباکو نوشی سے گریز اور اچھی نیند سے صحت کو بہتر رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق طویل اور صحت مند زندگی کے لیے ورزش کے ساتھ ساتھ دیگر عناصر کا کردار کتنا اہم ہوتا ہے۔

ورزش کرنے کی عادت سے متعدد دائمی امراض سے متاثر ہونے یا قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے، مگر طرز زندگی کے دیگر عناصر بھی اس حوالے سے اہم ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں 11 ہزار سے زائد جڑواں افراد کے ڈیٹا کو دیکھا گیا تھا۔

ان افراد کی جسمانی سرگرمیوں کے دورانیے کی تفصیلات 1975، 1981 اور 1990 میں سوالناموں کے ذریعے حاصل کی گئی تھیں۔

جسمانی سرگرمیوں کی بنیاد پر 4 گروپس بنائے گئے۔

ایک گروپ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والوں کا تھا، دوسرا معتدل حد تک جسمانی طور پر سرگرم افراد کا تھا، تیسرا متحرک اور چوتھا گروپ بہت زیادہ متحرک افراد پر مشتمل تھا۔

ان افراد کی صحت اور اموات کا جائزہ 45 سال تک لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ اس عرصے میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد کا انتقال سب سے زیادہ ہوا۔

درحقیقت 40 فیصد کے قریب اموات زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد کی ہوئیں۔

اس کے مقابلے میں جسمانی طور پر سرگرم افراد کے تینوں گروپس میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 15 سے 23 فیصد تک کم دریافت ہوا۔

محققین نے طرز زندگی کے دیگر عناصر جیسے جسمانی وزن، الکحل اور تمباکو نوشی کی بھی جانچ پڑتال کی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد اگر جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھتے ہیں اور تمباکو نوشی یا الکحل سے گریز کرتے ہیں تو کسی بھی وجہ سے موت کے خطرے میں 7 فیصد تک کمی آجاتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والوں اور جسمانی طور پر سب سے زیادہ متحرک افراد کی حیاتیاتی عمر کی دیگر گروپس کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بڑھتی ہے۔