آج ہم آپکو بتائیں گے کہ ہائی بلڈ پریشر سے بچنے کے لیے کم از کم کتنی ورزش کرنا ضروری ہے۔
کچھ عرصہ قبل کی گئی ایک تحقیق کے مطابق اگر آپ درمیانی عمر میں خود کو ہائی بلڈ پریشر سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو جوانی سے ہی ورزش کو عادت بنانا ضروری ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ نوجوانی اور عمر کی تیسری دہائی میں لوگ جسمانی طور پر متحرک ہو سکتے ہیں مگر عمر بڑھنے کے ساتھ ایسا کرنا مشکل ہو جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ نوجوانی سے ہی زیادہ ورزش کرنے کی عادت ہائی بلڈ پریشر سے بچانے کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ درمیانی عمر میں بلڈ پریشر سے بچنے کے لیے نوجوانی کی جسمانی سرگرمیاں بہت اہم ہوتی ہیں۔
محققین نے کہا کہ تحقیق میں شامل 50 فیصد نوجوان جسمانی طور پر زیادہ سرگرم نہیں تھے جس سے درمیانی عمر میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ بڑھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کم از کم جسمانی سرگرمیوں کے معیار کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانی میں ہر ہفتے کم از کم 5 گھنٹے کی معتدل ورزش درمیانی عمر میں بلڈ پریشر سے بچانے کے لیے ضروری ہے، ابھی بالغ افراد کو ہر ہفتے ڈھائی گھنٹے ورزش کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے مگر اسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
محققین کے مطابق ورزش کے دورانیے کو دوگنا بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ بلڈ پریشر جیسے خاموش قاتل مرض سے بچنا ممکن ہو سکے۔
عمر بڑھنے کے بعد لوگوں کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں اور ہر ہفتے 5 گھنٹوں کی جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا آسان نہیں ہوتا، اسی لیے نوجوانی میں جسمانی طور پر سرگرم رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔




















