مٹر اس موسم میں بیشتر افراد کی پسندیدہ سبزی ہے جس میں فائبر اور اینٹی آکسائیڈنٹس کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔
یہ سبزی مختلف بیماریوں جیسے امراض قلب اور کینسر سے تحفظ میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
مٹر کو سبزی کے طور پر پکایا جاتا ہے اور اسے مختلف شکلوں میں بھی کھایا جاسکتا ہے۔
لیکن کیا آپ موسمِ سرما میں مٹر کھانے کے فوائد جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔
فائبر سے بھرپور
سبز مٹر میں موجود فائبر کی وافر مقدار بھوک کو کنٹرول کرنے اور نظامِ ہاضمہ کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
دل کی صحت
فائبر سے بھرپورغذائیں دل کی بیماری کے خطرات کو کم کرتی ہیں۔ مٹر میں فائبر کے علاوہ میگنیشیم، پوٹاشیم اور کیلشیم سمیت کئی صحت مند وٹامنز پائے جاتے ہیں جو دل کو صحتمند رکھتے ہیں۔
مضبوط مدافعتی نظام
مدافعتی نظام کی مضبوطی سب ہی کی ترجیح ہوتی ہے۔ خصوصاً موسمِ سرما میں اس کا بہت زیادہ خیال رکھا جاتا ہے تاکہ زکام، فلو اور دیگر وائرس سے بچا جاسکے۔
مٹر میں وہ سب کچھ ہی ہوتا ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس میں موجود وٹامن ای، زنک اور اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو انفیکشن سے لڑنے میں مدد کرتے ہیں۔
قوتِ بینائی
عموماً گاجر کو بینائی کیلئے بہترین غذا کہا جاتا ہے، لیکن مٹر بھی قوتِ بینائی کیلئے انتہائی مفید ہیں۔
اس میں موجود وٹامن اے بینائی کو برقرار رکھنے کیلئے سب سے مشہور وٹامن ہے۔
بلڈ شوگر کنٹرول
مٹر میں گلائسیمک انڈیکس کی مقدار کافی کم ہوتی ہے جو خون میں گلوکوز کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے۔




















