کوئی بھی شخص روزانہ چہل قدمی کرنے اور جسمانی ورزش کے فائدوں کو نہیں ٹال سکتا چاہے اس کا تعلق کسی عمر، کسی صنف یا کسی طرح کی جسمانی ساخت سے ہو۔
چہل قدمی اور جسمانی ورزش سے وزن متناسب رہتا ہے، اسے اپنی عادت بنانے والے کئی امراض سے نجات پاتے ہیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ صرف چند منٹ کی چہل قدمی ہمیں کیا فوائد دے سکتی ہے؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔
دل کی صحت بہتر ہوتی ہے
گھر سے باہر وقت گزارنے سے بلڈ پریشر کی سطح گھٹ جاتی ہے جبکہ دل کی دھڑکن کے افعال بہتر ہوتے ہیں۔
دل کی دھڑکن کے افعال بہتر ہونے سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
پھیپھڑوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں
گھر سے باہر چہل قدمی سے تازہ ہوا میں سانس لینے میں مدد ملتی ہے۔
تازہ ہوا سے ہوا کی گزرگاہ کشادہ ہوتی ہے، ورم کم ہوتا ہے جبکہ پھیپھڑوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں۔
چہل قدمی ایک جسمانی سرگرمی ہے اور اس کو عادت بنانے سے پھیپھڑوں کی گنجائش میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ زیادہ ہوا بھرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔
جسمانی مضبوطی بڑھتی ہے
ویسے تو گھر کے اندر چہل قدمی سے بھی صحت کو فائدہ ہوتا ہے مگر چار دیواری سے باہر چلنے سے جسم کو زیادہ کیلوریز جلانے کا موقع ملتا ہے جبکہ جسمانی مضبوطی بڑھتی ہے۔
اس سے مسلز کے افعال بہتر ہوتے ہیں جبکہ جسمانی توازن بھی مستحکم ہوتا ہے۔
تناؤ کو کنٹرول کرنا آسان ہوتا ہے
چار دیواری سے باہر چہل قدمی سے تناؤ کے حوالے سے جسمانی ردعمل بہتر ہوتا ہے۔
باہر وقت گزارنے سے اعصابی نظام متحرک ہوتا ہے جس سے جسم کو پرسکون رہنے میں مدد ملتی ہے۔
گھر سے باہر 10 منٹ کی چہل قدمی سے ذہنی تناؤ میں کمی لانا آسان ہو جاتا ہے۔
ڈپریشن کا خطرہ کم ہوتا ہے
گھر سے باہر چہل قدمی سے منفی خیالات پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ منفی خیالات سے ڈپریشن کا خطرہ بڑھتا ہے۔
گھر سے باہر چہل قدمی سے دماغ کے اس حصے کو فائدہ ہوتا ہے جسے ڈپریشن سے منسلک کیا جاتا ہے۔
نیند بہتر ہوتی ہے
روزانہ چہل قدمی سے جوان افراد کا نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے۔
گھر سے باہر چہل قدمی کرنے سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے اور نیند کے مسائل پر قابو پانا آسان ہو جاتا ہے۔




















