کورونا کے نئے ویریئنٹ کے کیسز میں اضافے پر محکمہ صحت سندھ نے ہدایت نامہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے تمام ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کورونا کے متاثرین کے ساتھ منسلک افراد کی نشاندہی کر کے قرنطینہ کیا جائے۔
ہدایت نامے کے مطابق مریضوں سے منسلک افراد ٹیسٹ کرائیں اور سیلف آئیسولیشن اختیار کریں، تمام ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں کورونا وارڈ قائم کیے جائیں۔
ڈی جی ہیلتھ سندھ نے ہدایت کی کہ شدید علامات والے افراد کو مناسب علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جائے، تمام اسپتالوں میں بیڈز و طبی سہولیات اور وسائل کو یقینی بنایا جائے، بالخصوص متاثرہ علاقوں میں ویکسینیشن کا عمل بھی تیز کیا جائے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا سے متعلق جھوٹی خبروں کے بجائے قابل بھروسہ ذرائع استعمال کیے جائیں، نئے کیسوں کی تشخیص کو مضبوط سرویلیئنس سسٹم کے تحت مانیٹرکیا جائے، عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فیس ماسک استعمال کریں، علامات والے افراد سے ملتے وقت فاصلہ رکھیں اور ہاتھ اچھی طرح دھوئیں۔




















