Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کھانے میں نمک کے زیادہ استعمال سے سالانہ کتنے لوگ جان کی بازی ہار جاتے ہیں؟

اپنے کھانے میں نمک کے زیادہ استعمال سے دنیا بھر میں سالانہ 18 سے 19 لاکھ لوگ جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے عالمی سطح پر نمک کے زیادہ استعمال سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی جس کے مطابق تقریبا دنیا کے تمام افراد مطلوبہ مقدار سے دگنا نمک استعمال کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک فرد کو یومیہ 5 گرام نمک کا استعمال کرنا چاہیے لیکن ہر کوئی 10 گرم سے زیادہ نمک استعمال کرتا ہے جس سے کئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔

ڈبلیو ایچ او نے بتایا کہ دنیا بھر میں نمک کے زائد استعمال سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوکر 18 لاکھ سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نمک کے زیادہ استعمال سے عارضہ قلب، بلڈ پریشر، فالج، نظام ہاضمہ کی بیماریاں اور پیٹ کے کینسر سمیت دیگر سنگین بیماریاں ہوسکتی ہیں اور ایسی ہی بیماریوں میں مبتلا ہو کر دنیا بھر میں سالانہ 19 لاکھ کے قریب افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق عام طور پر صحت مند انسان میں کبھی سوڈیم کی کمی نہیں ہوتی اور وہ مطلوبہ مقدار غذاؤں سے حاصل کرلیتا ہے لیکن اگر نمک میں پائی جانے والی نمکیات یعنی سوڈیم کی سطح انسانی جسم میں زیادہ ہوجائے تو اس سے بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔