آج ہم آپکو بتائیں گے کہ جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند رہنے کے لئے کن غذاؤں کا استعمال کرنا چاہیے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق جو خواتین پروٹین سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کرتی ہیں، ان کی صحت عمر بڑھنے کے ساتھ زیادہ بہتر ہو جاتی ہے۔
جی ہاں، پروٹین کے نباتاتی ذرائع جیسے اناج، دالیں، گریاں یا چنے وغیرہ کا استعمال اس حوالے سے زیادہ بہترین ثابت ہوتا ہے۔
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ پروٹین سے بھرپور غذاؤں کے استعمال سے عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے دائمی امراض جیسے امراض قلب، کینسر، دماغی تنزلی اور ذیابیطس کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
جو خواتین اپنی دن بھر کی کیلوریز کا 18 فیصد حصہ پروٹین سے حاصل کرتی ہیں، ان کی صحت عمر بڑھنے کے بعد بھی اچھی رہنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق نباتاتی ذرائع میں موجود پروٹین کے استعمال سے دائمی امراض اور دماغی صحت کے مسائل کا خطرہ 46 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
اس کے مقابلے میں گوشت اور انڈوں میں موجود پروٹین سے یہ خطرہ 6 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ اگرچہ حیوانی ذرائع سے پروٹین کے حصول سے صحت کو بہت زیادہ فائدہ نہیں ہوتا مگر پھر بھی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
البتہ گوشت کے زیادہ استعمال سے بلڈ کولیسٹرول کے مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے جس سے صحت کو ہونے والے فوائد گھٹ سکتے ہیں۔
دالیں، چنے اور گریاں وغیرہ میں پروٹین کے ساتھ ساتھ دیگر غذائی اجزا جیسے فائبر، وٹامنز اور مرکبات موجود ہوتے ہیں جو جسمانی ورم کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
پروٹین سے مسلز کی صحت بہتر ہوتی ہے جس سے عمر بڑھنے کے ساتھ آنے والی کمزوری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر جوانی سے ہی پروٹین سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کیا جائے تو درمیانی عمر میں طبی مسائل سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔




















