ورزش کرنے کا ایک اور حیران کُن فائدہ سامنے آ گیا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق اگر دن بھر بیٹھ کر گزارنے والے افراد محض 15 منٹ کے ورزش بھی کریں تو ان میں نہ صرف قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوسکتا ہے بلکہ وہ بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔

جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ ماہرین نے دن بھر بیٹھ کر گزارنے والے افراد میں بیماریوں کا موازنہ ایسے افراد کے ساتھ کیا جو کم وقت بیٹھ کر گزارتے تھے یا پھر وہ زیادہ بیٹھنے کے باوجود کچھ دیر کے لیے ورزش کرتے تھے۔
ماہرین نے 5 لاکھ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور پھر 20 سال کے وقفے کے بعد ان تمام افراد کے ڈیٹا، صحت اور ان میں پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں کا بھی جائزہ لیا۔
ماہرین نے جب 20 سال بعد ڈیٹا کا جائزہ لیا تو 5 لاکھ میں سے 26 ہزار افراد کی موت ہوچُکی تھی اور ان میں زیادہ تر افراد وہ تھے جنہوں نے دن کا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارا اور کام کیا۔

ماہرین نے بتایا کہ دن کا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے یا کام کرنے والے افراد میں متعدد طبی پیچیدگیاں ہوتی ہیں جو بالآخر قبل از وقت موت کا سبب بنتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد میں قبل از وقت موت کے امکانات 16 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں لیکن اگر زیادہ دیر تک بیٹھنے والے افراد محض 15 منٹ کی ورزش بھی کریں تو ان میں متعدد خطرات نمایاں طور پر کم ہوجاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق زیادہ تر بیٹھ کر گزارنے والے افراد کو ہر چند گھنٹے بعد خود کو صرف 15 منٹ تک متحرک رکھنے یا ہلکی پھلکی ورزش کرنے کی ضرورت ہے، اس سے ان میں متعدد طبی پیچیدگیوں کے پیدا ہونے کے امکانات نمایاں کم ہوجاتے ہیں۔




















