چائے پینے کا حیرت انگیز فائدہ سامنے آ گیا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق چائے وقت سے پہلے آنے والے بڑھاپے سے بچاتی ہے اور انسان کو جوان رکھتی ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ دن میں 3 کپ چائے پینے سے آپ کی عمر بڑھ سکتی ہے۔
اس تحقیق میں 30 سے 79 سال کی عمر کے 7,900 چینی شہریوں اور 37 سے 73 سال کی عمر کے 5,600 برطانوی بالغوں سے ان کی چائے پینے کی عادتوں سے متعلق پوچھا گیا۔
ان افراد سے چائے کی قسم، روزانہ پینے جانے والے کپ کی تعداد اور ان کے بلڈ پریشر، کولیسٹرول کا پوچھا گیا اور ان کی عمر سے متعلق سوالات کیے گئے۔
تحقیق کے مطابق باقاعدگی سے چائے پینے والے افراد میں بڑھاپا دیر سے آتا ہے، اس مطالعے میں زیادہ تر تعداد مردوں کی تھی جن میں انزائٹی اور بے خوابی جیسی کیفیت بہت کم تھی۔
محققین نے بتایا کہ ایک دن میں 3 کپ چائے یا چھ سے آٹھ گرام چائے کی پتی پینا اینٹی ایجنگ فوائد فراہم کر سکتا ہے، یعنی انسان زیادہ عرصے تک جوان رہ سکتا ہے۔
محققین کا خیال ہے کہ چائے کا بایو ایکٹیو جزو پولیفینول مدافعتی نظام اور میٹابولزم کو بہتر کرتا ہے۔




















