Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گناہ سے زندگی کم ہوجاتی ہے، روسی ماہر جنیات کا دعویٰ

روسی ماہر جنیات کے اس دعوے کے بعد کہ انسان پہلے زمانے میں 900 برس تک زندہ رہتے تھے اور گناہ کی وجہ ان کی زندگی کم ہوگئی ہے روسی حکومت نے انہیں عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

روس کی وزارت تعلیم اور سائنس نے گزشتہ ماہ روسی اکیڈمی آف سائنسز کے معروف انسٹی ٹیوٹ آف جنرل جینیٹکس کے ڈائریکٹر کو مبینہ طور پر سائنس سے مطابقت نہ رکھنے والے متنازعہ بیانات دینے پر برطرف کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ معروف جینیاتی ماہر الیگزینڈر کدریاوتسیف کو جون  2021 سے 2027 تک کے لیے روسی اکیڈمی آف سائنسز کے جنرل جینیٹکس کا ڈائریکٹر نامزد کیا گیا تھا تاہم ان کی برطرفی کی وجہ گزشتہ برس مارچ میں تیسری بین الاقوامی سائنسی اور تھیولوجیکل کانفرنس ’’خدا، انسان ، دنیا‘‘کے دوران دیئے گئے متنازعہ بیانات ہیں۔

 روسی سائنسدان نے  اس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ بائبل سے قبل، انسان 900 برس تک زندہ رہتے تھے، لیکن اس کے بعد سے ان کی عمر اجتماعی اور ذاتی گناہ کی وجہ سے کم ہو گئی ہے۔

اس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے الیگزینڈر کدریاوتسیف نے یہ بھی کہا کہ گناہ انسانی جینوم کو متاثر کرتا ہے، جس سے ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ جینیاتی ماہر نے مزید کہا کہ اگرچہ ملحد سائنسدان جو کسی بھی مذہب کو نہیں مانتے وہ تابکاری یا آلودگی جیسے عوامل کو جینیاتی زوال  کی بنیادی وجہ قرار دیں گے  لیکن ان کا خیال ہے کہ یہ گناہ کی وجہ سے ہے۔

اس قسم کی جسمانی تبدیلیوں سے جنیاتی ڈاکٹر حضرات کا روزانہ سامنا ہوتا ہے ملحد سائنسدان آپ کو بتائیں گے یہ تابکاری ہے، یہ آلودگی ہے، یہ سب میوٹیجینک اثرات ہیں۔بہر حال، ان کا ذاتی اعتقاد یہ ہے کہ ایسی تباہی اصل گناہ سے شروع ہوتی ہے، اجتماعی اور ذاتی گناہ اس کی اصل وجہ ہے۔

انہوں نے اپنے سامعین کو بھی خبردار کیا کہ وہ گناہ نہ کریں، کیونکہ یہ ان کی اولاد کی بھی سات نسلوں تک کو متاثر کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ بری عادات کے نقصان دہ اثر پر زور دینا چاہتے تھے جسے مذہبی اسکالر گناہ کہتے ہیں گناہ جینوم کو بھی متاثر کرتا ہے اگر آپ کے جسم میں، آپ کے گیمیٹس میں کوئی تبدیلی واقع ہوتی ہے، تو یہ آپ کی اولاد میں منتقل ہو جائے گی، اور اس کے بارے میں کچھ نہیں کیا جا سکتا۔ نتیجہ آسان ہے اگر آپ صحت مند اولاد کے خواشمند ہیں تو بری عادتیں نہ اپنائیں اور گناہ نہ کریں۔

روس کے کمیشن آف کمبیٹنگ سیوڈو سائنس کے سربراہ ایوگینی الیگزینڈروف نے ایک بیان میں کہا کہ ایک نامور جینیٹکس انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے کدریاوتسیف کے بیانات سائنس سے مطابقت نہیں رکھتے اور نہ ہی ان کا کوئی سائنسی پہلو  ہے۔ یہ سب بائبل میں لکھا ہے اور یہ وہی پڑ رہے ہیں۔ تمام مومنین جانتے ہیں کہ رب نے زمین کو سات دنوں میں تخلیق کیا، اور یہ تقریباً 6000 سال پہلے تھا۔

لیکن سائنس نے بائبل کے زمانے سے لے کر اب تک بہت ترقی کی ہے اور وہ جانتے ہیں کہ زمین کتنے سالوں میں وجود میں آئی ہے پھر انسان ایک نوع کے طور پر ظاہر ہوا، یہ بائبل کی افسانوی کہانیوں سے بالکل مطابقت نہیں رکھتا۔ ہاں، اب مذہب کی طرف راغب ہونے کا رواج ہے، لیکن سائنس کا اس سے کیا تعلق؟ 

الیگزینڈر کودریاوتسیف کے ان کے غیر معمولی بیانات کی وجہ سے ایک اوربیان دینے پر مجبور کیا گیا جس میں انہوں نے یہ واضح کیا کہ ’’خدا ، انسان، دنیا‘‘ کانفرنس کے دوران دیئے جانے والے بیانات صرف ان کے ذاتی عقائد کی عکاسی کرتے ہیں اور جینیٹکس انسٹی ٹیوٹ سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

Exit mobile version