بیشتر افراد سارا دن دفتر میں اپنی کرسی پر بیٹھے رہتے ہیں جس کا بہت بڑا نقصان سامنے آ گیا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق سارا دن کام کی وجہ سے لگاتار کرسی پر بیٹھنا جلد موت کے خطرے کو 16 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔

جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ وہ لوگ جو اپنا زیادہ تر وقت کرسی پر بیٹھ کر گزارتے ہیں ان لوگوں میں دل کے امراض سے مرنے کا خطرہ 34 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ دفاتر میں کام کرنے والوں کو وقتاً فوقتاً تھوڑی سی ٹہل لگانی چاہیے تاکہ جسم کے تمام حصے رواں رہیں اور خون کی گردش بھی معمول کے مطابق رہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہمارے جسم کو حرکت دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اس لیے جب ہم بہت زیادہ دیر تک ایک ہی جگہ پر بیٹھتے ہیں تو یہ جسمانی اعضا میں خرابیاں پیدا ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔

اگر آپ بغیر کسی جسمانی سرگرمی کے روزانہ 8 گھنٹے سے زیادہ وقت کے لیے بیٹھے رہتے ہیں تو آپ کے مرنے کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہوتے ہیں جتنے کسی ایسے شخص کے جو موٹا پے کا شکار ہوتے ہیں یا بہت زیادہ سگریٹ پیتے ہیں۔
بہت سے لوگوں کے ذہن میں یہ تصور پایا جاتا ہے کہ کام کے بعد جم جانا بیٹھنے کے منفی اثرات کو منسوخ کر دے گا لیکن یاد رہے کہ اگر آپ باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں تب بھی زیادہ دیر تک بیٹھنا آپ کی صحت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔





















