Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا آپ پستہ کھانے کا یہ زبردست فائدہ جانتے ہیں؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ پستہ کھانے کی عادت میٹابولک سینڈروم کو آپ سے دور رکھ سکتی ہے۔

  حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گریاں جیسے پستے روزانہ کھانے سے میٹابولک سینڈروم سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

اس تحقیق میں 22 سے 36 سال کی عمر کے 84 ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں میٹابولک سینڈروم میں شامل کسی ایک عارضے جیسے بلڈ پریشر، بلڈ شوگر، اضافی چربی یا کولیسٹرول کا خطرہ موجود تھا۔

ان افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ایک گروپ کو 16 ہفتوں تک پستے یا دیگر گریوں کا استعمال کرایا گیا۔

جبکہ دوسرے گروپ کو بسکٹ یا دیگر ایسی ہی اشیا کا استعمال کرایا گیا، ان افراد کی غذا یا طرز زندگی میں مزید تبدیلی نہیں کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ پستے یا دیگر گریوں کے استعمال کرنے والی خواتین میں میٹابولک سینڈروم کا خطرہ 67 فیصد جبکہ مردوں میں 42 فیصد تک گھٹ گیا۔

نتائج سے یہ بھی معلوم ہوا کہ زیادہ مقدار میں پستے کھانے سے جسمانی وزن میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ پیٹ اور کمر کے اردگرد کی چربی گھٹ جاتی ہے۔

اسی طرح گریوں کو کھانے سے خون میں انسولین کی سطح گھٹ جاتی ہے جس سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ پستے کھانے سے جسم کو پروٹین، فائبر، وٹامن بی 6، فاسفورس، کاپر اور وٹامن بی 1 جیسے اجزاء ملتے ہیں جو صحت کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ میٹابولک سینڈروم ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول، ہائی بلڈ شوگر اور خون میں چکنائی بڑھنے جیسے امراض کے مجموعے کو کہا جاتا ہے، جس سے امراض قلب، ذیابیطس اور موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔