Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دیسی گھی کے استعمال سے صحت کو کیا فائدے ہوتے ہیں؟ جانیے

آج ہم آپ کو دیسی گھی کے استعمال سے صحت کو ہونے والے فوائد کے بارے میں بتائیں گے۔

  دیسی گھی کا استعمال پاکستان کے دیہی علاقوں میں کافی زیادہ ہوتا ہے لیکن شہروں میں اس کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے۔

دیسی گھی میں غذائی اجزاء کی مقدار عام گھی کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے، ایک کھانے کے چمچ دیسی گھی میں 130 کیلوریز، 15 گرام چکنائی، وٹامن اے، وٹامن ڈی، وٹامن K اور وٹامن ای سمیت دیگر اجزاء جسم کو ملتے ہیں۔

اس حوالے سے کی گئی تحقیق کے مطابق دیسی گھی میں پکنے والے کھانوں سے جسم کو اہم وٹامنز اور منرلز کو زیادہ بہتر طریقے سے جذب کرنے میں مدد ملتی ہے۔

اس کے علاوہ دیسی گھی کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

موٹاپے کی روک تھام

دیسی گھی میں (سی ایل اے) نامی جز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، ایک تحقیق کے مطابق سی ایل اے سے اضافی جسمانی وزن میں کمی لانے میں ممکنہ مدد مل سکتی ہے جبکہ کچھ افراد کے لیے جسمانی چربی کو گھلانا بھی ممکن ہے۔

بینائی کو فائدہ ہوسکتا ہے

دیسی گھی کے استعمال سے وٹامن اے جسم کو ملتا ہے، یہ وٹامن بینائی کے لیے بہت اہم ہوتا ہے جبکہ مدافعتی افعال اور جلد کی صحت کے لیے بھی یہ مفید ثابت ہوتا ہے۔

دل کی صحت کے لیے مفید

گھی میں چکنائی کے علاوہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے، تحقیقی رپورٹس کے مطابق متوازن غذاء میں دیسی گھی کے استعمال سے کولیسٹرول کی نقصان دہ سطح کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

ورم کش

روایتی ٹوٹکوں میں دیسی گھی کو جلنے کے زخم اور سوجن کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو سائنسی طور پر تو ثابت نہیں، مگر گھی میں ایک فیٹی ایسڈ butyrate موجود ہوتا ہے جو ورم کش خصوصیات کا حامل ہوتا ہے۔