کیلے صحت کے لیے انتہائی مفید ہے، یہ لذیذ پھل آپ باآسانی اور کم قیمت میں خرید سکتے ہیں۔
کیلے کھانے سے وزن میں کمی ہوتی ہے، ہاضمے میں افاقہ ہوتا ہے اور دل کی صحت کے لیے بھی موزوں ہے۔
لیکن کیا آپ کیلے کے چھلکوں کے حیران کُن فوائد جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔
کیلے کے چھلکے بند آنکھوں پر رکھنے سے آنکھوں کی سوجن ختم ہوتی ہے اور تھکن کم ہوتی ہے۔
اس کا ماسک چہرے پر لگانے سے جلد کو قدرتی نمی حاصل ہوتی ہے، ایکنی کے سبب چہرے پر پڑنے والے دھبوں پر کیلے کے چھلکے رگڑنے سے داغ دھبے صاف ہوجاتے ہیں۔
مسوں کے اوپر رات بھر کے لیے کیلے کا چھلکا باندھ دینے سے مسوں کا بغیر نشان کے قدرتی طور پر خاتمہ ہوتا ہے۔
بالوں کے لیے بھی کیلے کے چھلکے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔
کیلے کے چھلکوں کو بلینڈر میں بلینڈ کر لیں اور اس کو ہفتے میں ایک بار بالوں پر بطور ماسک لگا کر دو گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد بالوں کو اچھی طرح شیمپو کرلیں۔
اس سے بال صحت مند لمبے اور چمک دار ہوتے ہیں۔ کیلے کے چھلکے اینٹی بیکٹیریل خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں۔
اس کے چھلکوں کو دانتوں پر رگڑنے سے وہی صفائی حاصل ہوتی ہے جو کہ دنداسے سے دانتوں کو صاف کرکے ملتی ہے۔
مسوڑھوں کے مرض میں مبتلا افراد بھی ان کے استعمال سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں اور اس سے مسوڑھوں سے خون آنا اور منہ کی بدبو سے نجات مل سکتی ہے۔
ہر روز کیلے کے چھلکے دانتوں پر رگڑنے سے دانت سفید اور چمکدار ہو جاتے ہیں۔




















