Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجپن میں تازہ پھلوں کا رس مستقبل میں کن امراض سے بچا سکتا ہے؟

پھلوں کی افادیت سے کون واقف نہیں تاہم اب ایک نئی تحقیق کے مطابق بچپن میں تازہ پھلوں کا رس پینا مستقبل میں موٹاپے سے بچا سکتا ہے۔

ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسے تمام بچے جن کی عمر دو سال سے کم ہے اگر وہ اس عمر میں سافٹ ڈرنکس کا استعمال کرتے ہیں تو بیس کی دہائی میں ان کے وزن میں اضافہ ہوسکتا ہے جب کہ اس کے برعکس پھلوں کا جوس پینے والے بچے مستقبل میں صحت مند غذائیں لیتے ہیں اس طرح ان میں وزن بڑھنے کا امکان کم ہوتا ہے۔

سوانسی یونیورسٹی کی اس تحقیق میں 14,000 برطانوی بچوں کا پیدائش سے لے کر بالغ ہونے تک جائزہ لیا گیا واضح رہے کہ یہ اپنی نوعیت کی اب تک کی سب سے طویل تحقیقی رپورٹ ہے۔

یورپی جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے نتائج کے مطابق جن بچوں نے دو سال کی عمر سے پہلے فیزی ڈرنکس یا چینی سے بھرپور میٹھے پھلوں کے پیکٹ کے جوس پیئے تھے ان کا وزن 24 سال کی عمر میں زیادہ بڑھ گیا۔

تین سال کی عمر میں، سافٹ ڈرنکس پینے والے چھوٹے بچوں کو مستقبل میں زیادہ کیلوریز، چکنائی، پروٹین، اور چینی لیکن کم فائبر کا استعمال کرتے دیکھا گیا جبکہ خالص سیب کا جوس پینے والوں میں چکنائی اورچینی کم لیکن فائبر کی مقدار زیادہ استعمال کرتے نوٹ کیا گیا۔ اسی طرح اس تحقیق میں بچپن کے مشروبات اور کھانے کے مختلف انتخاب کے درمیان ایک ربط بھی نوٹ کیا گیا۔

 جن بچوں نے بچپن میں تازہ سیب کا خالص جوس پیا تھا وہ مستقبل میں صحت بخش جیسے زیادہ مچھلی، پھل، ہری سبزیاں اور سلاد کھانے کو تجیح دیتے تھے، اس کے مقابلے میں سافٹ ڈرنکس پینے والے بچے زیادہ برگر، ساسیج، پیزا، فرنچ فرائز، گوشت، چاکلیٹ، اور مٹھائیوں کی رغبت رکھتے تھے۔

اس تحقیق مرکزی محقق پروفیسر ڈیوڈ بینٹن کا کہنا ہے کہ زندگی کی ابتدائی غذا کا انتخاب عمر بھر آپ کی صحت اور وزن پر اثر انداز ہوتا ہے۔ محققین کے نزدیک اب اہم چیلنج اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بچے میں اچھی غذائی عادات پیدا کی جائے جس میں چکنائی اور چینی کی مقدار کم ہو۔ روزانہ خالص پھلوں کا رس دن بھر کی ایک اہم غذا کے طور پر لینے سے وٹامن سی، پوٹاشیم، فولیٹ اور پلانٹ پولیفینول حاصل ہوتے ہیں۔

تحقیقی ٹیم نے چینی سے بھرپور میٹھے مشروبات اور سماجی محرومی کے درمیان ایک تعلق بھی دریافت کیا، جس کے مطابق امیر گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی رسائی خالص پھلوں کے رس تک کافی آسان ہے۔

محققین کو امید ہے کہ ان کے نتائج والدین کو زندگی کے پہلے سالوں میں اپنے بچوں کی خوراک پر زیادہ توجہ دینے کی ترغیب دیں گے کیونکہ موٹاپا صحت کا ایک سنگین مسئلہ ہے، جو کہ بہت سی دوسرے امراض کا خطرہ بڑھادیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق بالغوں میں موٹاپے کی اصل وجہ ابتدائی بچپن میں غذائی انتخاب سےہی شروع ہوتی ہے۔ اگر آپ بڑی عمر میں بچوں کو موٹاپے سے بچاناہتے ہیں تو زندگی کے پہلے سالوں میں بچوں کی خوراک پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

Exit mobile version