کیا آپ جانتے ہیں کہ مرد اور خواتین میں سے کون زیادہ عرصے تک بیماریوں کا سامنا کرتا ہے؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق کہ مردوں کے مقابلے خواتین زیادہ بیماریوں کا شکار بن کر زیادہ عرصے تک علیل زندگی گزارتی ہیں۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ خواتین مردوں کے مقابلے زیادہ عمر پاتی ہیں، اس لیے وہ بیماریوں کا سامنا بھی طویل عرصے تک کرتی ہیں۔
ماہرین نے بتایا کہ تحقیق سے معلوم ہوا کہ مرد حضرات عام طور پر جان لیوا بیماریوں کا شکار ہوکر مر جاتے ہیں جبکہ خواتین طویل عرصے تک رہنے والی عمومی بیماریوں کا شکار ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین جسمانی اور نفسیاتی بیماریوں کا شکار زیادہ ہوتی ہیں، جن میں ڈپریشن، درد اور معذوری جیسی بیماریاں شامل ہیں جبکہ مرد امراضِ قلب، فالج اور دیگر جان لیوا بیماریوں سمیت خطرناک روڈ حادثات کا شکار ہوکر مرجاتے ہیں۔
ماہرین نے خواتین اور مردوں کو مہیا ہونے والے علاج اور عمومی بیماریوں کا جائزہ بھی لیا اور پایا کہ ڈپریشن اور کمر درد دو ایسے عارضے ہیں جو کہ مردوں کے مقابلے خواتین کو زیادہ ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کورونا، روڈ حادثات، امراض قلب، فالج اور ذیابیطس جیسی بیماریاں مردوں کو زیادہ متاثر کرتی ہیں اور ان میں سے بعض بیماریاں جان لیوا بھی ثابت ہوتی ہیں جبکہ خواتین سر درد، کمر درد، ڈپریشن، معذوری اور نسوانی پیچیدگیوں کا شکار ہوتی ہیں جو کہ عام طور پر جان لیوا نہیں ہوتیں۔




















