آج ہم آپکو چھٹی کے دن زیادہ وقت تک سونے کا حیران کُن فائدہ بتائیں گے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ہفتہ وار چھٹی کے دن زیادہ دیر تک سونے والے افراد میں ڈپریشن جیسے مرض کا خطرہ نمایاں حد تک گھٹ جاتا ہے۔
جی ہاں، اس تحقیق میں 8 ہزار افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی، ان افراد سے ڈپریشن کی علامات کی تفصیلات حاصل کی گئی تھیں جبکہ نیند کے بارے میں ایک سوالنامہ بھروایا گیا۔
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ 50 فیصد کے قریب افراد ہفتہ وار چھٹی کے موقع پر معمول سے زیادہ وقت تک سونے کے عادی ہوتے ہیں۔
جو افراد چھٹی کے دن ایک یا 2 گھنٹے زیادہ سوتے ہیں، ان میں ڈپریشن کی علامات سے متاثر ہونے کا خطرہ 46 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ عام دنوں میں 6 گھنٹے سے کم وقت تک سونے والے افراد میں ڈپریشن کا خطرہ بڑھتا ہے، مگر ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر زیادہ وقت تک سونے سے انہیں اس مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھٹی کے دن 2 گھنٹے کی اضافی نیند دماغ کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے اور ڈپریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔




















