Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قبل از وقت جھریوں کو نمودار ہونے سے روکنا چاہتے ہیں تو یہ عادات اپنائیں!

آج ہم آپکو بتائیں گے کہ چہرے پر قبل از وقت جھریوں کو نمودار ہونے سے روکنے کے لئے کونسی عادات کو اپنانا چاہیے۔

سورج کی روشنی میں زیادہ جانا

سورج کی نقصان دہ الٹرا وائلٹ شعاعوں میں بہت زیادہ دیر تک گھومنے سے جھریاں ابھرتی ہیں جبکہ جِلد کی لچک ختم ہونے لگتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ماہرین کی جانب سے دن میں باہر گھومنے کے لیے سن اسکرین کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

پانی کم پینا

پانی کی کمی جِلد پر اثر انداز ہوتی ہے جس کے نتیجے میں وہ خشک اور بے رنگ ہو جاتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ڈی ہائیڈریشن سے چہرے پر لکیریں ابھرنے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

روزانہ مناسب مقدار میں پانی پینے سے صحت کے ساتھ ساتھ جِلد کو جوان رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

ناقص غذا کا استعمال

ہم جو بھی کھاتے ہیں اس سے براہ راست جِلد کی صحت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

چینی اور چکنائی سے بھرپور غذاؤں کے استعمال سے جسم میں ورم بڑھتا ہے جس کے باعث بڑھاپے کی جانب سفر تیز ہو جاتا ہے۔

اسی طرح پراسیس غذاؤں سے بھی چہرے پر جھریاں ابھرنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تمباکو نوشی

تمباکو نوشی سے صرف پھیپھڑوں کو ہی نقصان نہیں پہنچتا بلکہ جِلد کی عمر بڑھنے کی رفتار بھی تیز ہو جاتی ہے۔

سگریٹ میں موجود کیمیکلز سے خون کا بہاؤ محدود ہوتا ہے، جبکہ جِلد کے لیے آکسیجن اور غذائی اجزا کی فراہمی بھی گھٹ جاتی ہے۔

اس کے نتیجے میں کم عمری میں ہی چہرے پر جھریاں نمایاں ہو جاتی ہیں، خاص طور پر منہ کے اردگرد اس کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

کم نیند کرنا

نیند کی دائمی کمی کے نتیجے میں لوگ قبل از وقت بوڑھے نظر آنے لگتے ہیں۔

اس سے جسم کے اندر تناؤ بڑھانے والے ہارمونز کی سطح بڑھتی ہے جو جِلد کی صحت کے لیے اہم ہارمونز کے افعال پر اثر انداز ہوتا ہے۔

تناؤ

دائمی تناؤ جِلد کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس سے جسمانی ورم بڑھتا ہے جبکہ قبل از وقت بڑھاپے کی رفتار بڑھ جاتی ہے۔