موسمِ گرما کا آغاز ہوچکا ہے اور درجہ حرارت بڑھنے پر ہر کسی کو ایسی غذاﺅں کی ضرورت ہوتی ہے جو جسم کو ٹھنڈا رکھ سکے اور پانی کی کمی بھی نہ ہونے دے۔
اور جب جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے اور ٹھنڈک پہنچانے کی بات ہو تو تربوز سے بہتر کیا ہوسکتا ہے۔
اس مزیدار پھل کا 92 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
تو آئیے اس کے حیران کُن فوائد جانتے ہیں۔
سورج کی شعاعوں سے تحفظ
موسم گرما میں سورج کی تپش سے جِلد جلنے کا خطرہ بڑھتا ہے مگر تربوز میں موجود لائیکوپین نامی اینٹی آکسائیڈنٹ اس سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
صحت مند دل
تربوز میں ایک امینو ایسڈ citrulline کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو جسم میں خون کی گردش کو بہتر بنا کر بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ لائیکوپین سے بھی دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
جوڑوں کو تحفظ فراہم کرے
تربوز میں موجود غذائی اجزا جوڑوں کو ورم سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
تربوز کھانے سے جوڑوں کے امراض کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔
آنکھوں کے لیے مفید
تربوز کے ایک ٹکڑے کو کھانے سے جسم کو روزانہ درکار وٹامن اے کی 9 سے 11 فیصد مقدار مل جاتی ہے۔
وٹامن اے آنکھوں کی صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے اور اس کی کمی سے عمر بڑھنے سے بینائی میں تنزلی کا خطرہ بڑھتا ہے۔
پانی کی کمی پوری کرے
تربوز کا 90 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے تو اس پھل کو کھانے سے ڈی ہائیڈریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
ہمارے جسم کے تمام خلیات کو اپنے افعال کے لیے پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور پانی کی معمولی کمی سے بھی تھکاوٹ اور سستی جیسے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
جِلد کو بہتر بنائے
جِلد کو ہموار رکھنے کے لیے وٹامن اے، بی 6 اور سی اہم ہوتے ہیں اور تربوز میں یہ سب موجود ہوتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ تربوز میں پانی کی مقدار بھی بہت زیادہ ہوتی ہے جس سے بھی جِلد کو فائدہ ہوتا ہے۔
وزن کم کرے
تربوز میں موجود پانی، اینٹی آکسائیڈنٹس، غذائی اجزا اور فائبر سے جسمانی وزن میں صحت مند کمی آتی ہے۔
روزانہ تربوز کھانے سے جسمانی وزن میں کمی کا عمل تیز ہو جاتا ہے کیونکہ پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے اور بھوک کم لگتی ہے، جس سے بے وقت کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے۔
بیج کھانے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا
تربوز کے بیج نگل لینے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا بلکہ ان میں ایسے متعدد اجزا موجود ہوتے ہیں جو صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں۔




















