Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے یہ تدابیر اپنائیں!

ہیٹ ویو اور شدید گرمی سے خود کو محفوظ رکھنے کے لئے مندرجہ ذیل میں بتائی گئی تدابیر اپنائیں۔

ماہرین صحت کے مطابق جسم کو ہیٹ ویو سے بچانے اور ٹھنڈا رکھنے کے لیے خوب پانی پئیں، پانی میں لیموں، نمک، ہلکی شکر اور پودینے کے پتوں کا بھی استعمال جبکہ مختلف مشروبات کا بھی سہارا لیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کے پاس ائیرکنڈیشنر نہیں ہے تو رات کو سونے سے قبل ماحول کو بہتر بنائیں، پرسکون نیند کے لیے 18 سے 21 درجۂ سینٹی گریڈ بہترین درجہ حرارت ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیڈروم کو بہت زیادہ گرم ہونے سے محفوظ رکھنے کے لیے رات کے وقت پنکھے استعمال کریں، فرش کو پانی سے تر کر لیں، کھڑکیاں کھول دیں، دن کے وقت پردے کھڑکیوں کے آگے لٹکائے رکھیں۔

ماہرین نے بتایا کہ ڈھیلے اور ہلکے رنگوں کے لباس زیبِ تن کریں، تاکہ پسینہ نہ آئے اور جسم کو ہوا لگتی رہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرم اشیاء، چائے، کافی وغیرہ کا استمال کم کر دیں، کیفین والے مشروبات سے پرہیز کریں اور کوشش کریں کہ کولڈرنکس کے بجائے پانی، لسی، اور دیسی مشروبات کا استعمال کریں۔

باہر جائیں تو سائے میں چلیں، گرم موسم کے دوران سفید رنگ کا تولیہ یا پھر چھتری کا استعمال لازمی کریں، باقاعدگی سے سن اسکرین کا استعمال کریں اور گرمی کے دوران سر پر بڑے شیڈ والا ہیٹ لگائیں۔

اس کے علاوہ گھر کے باہر صبح 11 بجے سے 3 بجے کے دوران جسمانی مشقت سے گریز کریں۔