فالج کا خطرہ بڑھانے والی اہم ترین وجہ دریافت ہوگئی ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق شدید گرمی سے فالج سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ شدید گرمی اور بہت زیادہ سردی دونوں سے برین ہیمرج اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ فالج سے ہونے والی ہر ایک ہزار میں سے 11 اموات شدید گرمی یا سردی کے نتیجے میں ہوتی ہیں جبکہ کم آمدنی والے ممالک میں شدید گرمی یا سردی کے باعث فالج سے اموات ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہیں۔
محققین کے مطابق ترقی یافتہ ممالک میں چار دیواری کے اندر درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے والے اچھے نظام اور چار دیواری سے باہر کام کرنے کی کم شرح کے باعث فالج سے اموات کم ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے مقابلے میں کم آمدنی والے ممالک میں طبی سہولیات کا معیار ناقص ہوتا ہے جس کی وجہ سے بھی فالج سے اموات کی شرح بڑھ جاتی ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ کم آمدنی والے ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے زیادہ بوجھ کا سامنا ہے اور اس وجہ سے بھی وہاں فالج سے اموات زیادہ ہو رہی ہیں۔




















