کم پانی پینے کی عادت کا بڑا نقصان سامنے آ گیا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق جسم میں پانی کی معمولی کمی سے دماغی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ روزمرہ کی سرگرمیوں کے دوران اگر جسم میں پانی کی کمی ہوتی ہے تو چند منٹ کے لیے توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ماہرین نے اس تحقیق میں 47 سے 70 سال کی عمر کے 78 افراد کو شامل کیا، ان تمام افراد کو پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل تھی اور ان کی صحت کا جائزہ 3 ماہ تک لیا گیا۔
ماہرین نے بتایا کہ ہم نے درمیانی عمر یا بوڑھے افراد کا انتخاب اس لیے کیا کیونکہ اس عمر میں دماغی تنزلی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی فرد روزانہ کی بنیاد پر کم پانی پینے کا عادی ہوتا ہے تو اس کے لیے ایسے کام کرنا مشکل ہوتا ہے جن میں توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، البتہ دماغی لچک یا یادداشت پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے دفتری امور سر انجام دینے والے افراد کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے اور یہ ضروری ہے کہ وہ روزانہ مناسب مقدار میں پانی کا استعمال کریں۔




















