کافی پینے کا ایک اور حیرت انگیز فائدہ سامنے آ گیا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق میں کافی کے استعمال اور پارکنسن امراض سے تحفظ کے درمیان تعلق دریافت ہوا ہے۔
ماہرین نے اس تحقیق میں ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی اور ان کی صحت کا جائزہ اوسطاً 13 سال تک لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ اس مشروب کے استعمال سے پارکنسن امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ کافی پینے کی عادت سے پارکنسن امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے، پارکنسن ایک دائمی مرض ہے جس کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی۔
اس مرض کے دوران اعصابی نظام کے افعال متاثر ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں ہاتھوں کے لرزنے سمیت دیگر علامات کا سامنا ہوتا ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ کافی پینے والے افراد میں اس گرم مشروب سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں پارکنسن سے متاثر ہونے کا خطرہ 40 فیصد تک کم ہوتا ہے۔
ماہرین نے کہا کہ کافی کو دنیا بھر میں بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے اور اس کے اثرات کے بارے میں جاننے سے لوگوں کی صحت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کافی سے نہ صرف پارکنسن امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے بلکہ نتائج سے اس مرض کی روک تھام کی حکمت عملیوں کو تشکیل دینے میں بھی مدد ملے گی۔




















