اگر آپکو بھی رات کو نیند نہیں آتی تو اپنی خوراک میں ذیل میں بتائی گئی غذا کو شامل کرنا چھوڑ دیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال نیند نہ آنے کی وجہ ہوسکتی ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں اور دائمی بے خوابی کے مسئلے کے درمیان تعلق موجود ہے۔
الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔
ان غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔
ماہرین نے اس تحقیق کے لیے 39 ہزار افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی، تحقیق میں شامل افراد اپنی غذائی ضروریات کا 16 فیصد حصہ الٹرا پراسیس غذاؤں سے حاصل کرتے تھے اور 20 فیصد نے دائمی بے خوابی کو رپورٹ کیا۔
اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو افراد زیادہ مقدار میں الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کرتے ہیں، ان میں دائمی بے خوابی کا امکان بھی زیادہ ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ عہد میں زیادہ سے زیادہ غذاؤں کو پراسیس کیا جا رہا ہے جبکہ نیند کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں تو یہ دیکھنا ضروری ہے کہ ہماری غذا نیند پر کس حد تک مثبت یا منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کسی حد تک محدود تھی کیونکہ اس کے نتائج لوگوں کے فراہم کردہ ڈیٹا پر مبنی ہیں مگر یہ اپنی طرز کی پہلی تحقیق ہے جس میں الٹرا پراسیس غذاؤں کے ایک اور بڑے نقصان پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ خواتین کے مقابلے میں الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے بے خوابی کے مسئلے سے متاثر ہونے کا خطرہ کچھ زیادہ ہوتا ہے۔




















