Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امراضِ قلب سے بچنے کے لئے یہ عادات اپنائیں!

کیا آپ جانتے ہیں کہ امراضِ قلب سے بچنے کے لئے کونسی عادات اپنانی چاہیے اگر نہیں تو ضرور جان لیں۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق دل کی صحت کے لیے مفید عادات اپنانے سے نہ صرف امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے بلکہ بڑھاپے کی جانب سفر کو بھی سست کیا جا سکتا ہے۔

جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ 8 عام عادات کو اپنانے سے کسی بھی عمر میں ہارٹ اٹیک اور فالج سمیت دیگر امراض قلب سے متاثر ہونے سے بچنے میں مدد ملتی ہے جبکہ حیاتیاتی عمر کی رفتار بھی گھٹ جاتی ہے۔

جینز، طرز زندگی اور دیگر عناصر حیاتیاتی عمر پر اثرات مرتب کرتے ہیں اور یہ عمر جتنی زیادہ ہوگی مختلف امراض کا خطرہ بھی اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔

ماہرین نے اس تحقیق میں 5682 افراد کو شامل کیا گیا جن کی اوسط عمر 56 سال تھی، ان افراد کا طبی معائنہ اور لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ان سے روزمرہ کی عادات کے بارے میں بھی تفصیلات حاصل کی گئیں۔

انہوں نے ان افراد کی حیاتیاتی عمر کا تعین بھی ڈی این اے کے ذریعے کیا اور یہ بھی دیکھا گیا کہ حیاتیاتی عمر بڑھنے کی رفتار کتنی ہے۔

اس کے بعد ان افراد کی صحت کا جائزہ 11 سے 14 سال تک لیا گیا اور یہ دیکھا گیا کہ کتنے افراد امراض قلب کے شکار ہوئے یا ان کا انتقال ہوگیا۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ طرز زندگی کی صحت مند عادات لمبی زندگی کے حصول میں مددگار ثابت ہوتی ہیں، 8 عادات کو اپنا کر آپ حیاتیاتی عمر میں اضافے کی رفتار کو سست کر سکتے ہیں۔

جسمانی وزن، بلڈ شوگر، کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے جبکہ اچھی نیند اور غذائی عادات کو اپنانے سمیت جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے اور تمباکو نوشی سے گریز کرکے جسمانی عمر کی رفتار سست کی جا سکتی ہے۔

ان عادات سے دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے جس کے نتیجے میں حیاتیاتی عمر میں اضافے کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ دل کی صحت جتنی زیادہ اچھی ہوگی، حیاتیاتی عمر میں اضافے کی رفتار اتنی زیادہ سست ہو جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مثال کے طور پر اگر کوئی فرد 41 سال کا ہے مگر اس کے دل کی صحت اچھی ہے تو اس کی اوسط حیاتیاتی عمر 36 سال ہوگی، جبکہ دل کی صحت خراب ہونے پر اوسط حیاتیاتی عمر 45 سال ہوسکتی ہے۔