Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اچھی نیند کا حیرت انگیز فائدہ جانیے

کیا آپکو اچھی نیند کا حیرت انگیز فائدہ معلوم ہے؟ اگر نہیں تو ضرور جان لیں۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق اچھی نیند سے قوت ارادی اور شخصیت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر رات نیند کے دورانیے میں اوسطاً 46 منٹ کا اضافہ غنودگی اور مزاج کے چڑچڑے پن کے مسائل کی روک تھام کرتا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں اوسطاً 37 منٹ کی نیند کی کمی سے شخصیت اور قوت ارادی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ماہرین نے اس تحقیق میں 90 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور انہیں 3 گروپس میں تقسیم کیا، ایک گروپ کو رات کو دیر سے سونے، دوسرے کو جلد بستر پر جانے اور تیسرے کو کسی بھی وقت سونے کی ہدایت کی گئی اور پھر ایک ہفتے تک ان کا جائزہ لیا گیا۔

اس کے بعد ماہرین نے نیند کے دورانیے سے شکر گزاری، قوت ارادی اور شخصیت پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی۔

تحقیق میں پتہ چلا کہ نیند میں دورانیے میں اضافے سے شخصیت اور مزاج پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق نیند کے دورانیے میں معمولی اضافے سے بھی ہماری صحت اور شخصیت بہتر ہوتی ہے اور زندگی کے بارے میں اطمینان کا احساس بڑھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ امریکا میں گزشتہ برسوں کے دوران خوشی کا احساس گھٹ گیا ہے جبکہ نیند کے مسائل عام ہو گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تو پہلے سے معلوم ہے کہ نیند کی کمی سے ذہنی صحت کی علامات کی شدت بڑھ جاتی ہے مگر یہ جائزہ نہیں لیا گیا کہ نیند کے دورانیے میں اضافے سے شخصیت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔