Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

6 امریکی شہریوں کا ایبولا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ، ہنگامی حالت قرار

اب تک تقریباً 350 مشتبہ کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ 91 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، وزارت صحت

افریقی ملک کانگو میں مہلک وبا ’’ایبولا‘‘ کے پھیلاؤ کے دوران چھ امریکی شہریوں کا اس وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جب کہ عالمی ادارۂ صحت نے صورتحال کو بین الاقوامی ہنگامی حالت قرار دے دیا ہے۔

کانگو کی وزارتِ صحت کے مطابق اب تک تقریباً 350 مشتبہ کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ 91 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق متاثرہ امریکیوں میں سے ایک شخص میں بیماری جیسی علامات ظاہر ہوئی ہیں جب کہ دیگر افراد کو زیادہ خطرناک نوعیت کا قرار دیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم متاثرہ افراد کی درست تعداد یا ان میں بیماری کی تصدیق سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق اس بار سامنے آنے والی وائرس کی قسم کے لئے نہ تو کوئی منظور شدہ دوا موجود ہے اور نہ ہی مؤثر حفاظتی ٹیکہ دستیاب ہے جس کے باعث طبی ماہرین میں تشویش بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب کانگو کے پڑوسی ملک یوگنڈا میں بھی دو تصدیق شدہ کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وبا مقامی اور علاقائی سطح پر تیزی سے پھیل سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری کے پھیلاؤ میں جنازوں اور تدفین کے اجتماعات بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ متاثرہ افراد کے جسم سے براہِ راست رابطہ وائرس منتقل ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت نے کانگو اور یوگنڈا کو سرحدی نگرانی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ قریبی ممالک کو بھی حفاظتی تیاریوں اور طبی نگرانی بڑھانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بعض افریقی ممالک نے احتیاطی تدابیر کے تحت سرحدی نگرانی مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ وائرس کو دوسرے علاقوں تک پھیلنے سے روکا جاسکے۔