Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پالتو جانور رکھنے والے عمر رسیدہ افراد زیادہ صحت مند رہتے ہیں، تحقیق

پالتو جانور، بالخصوص کتے، بزرگ افراد کو فعال طرزِ زندگی اپنانے میں مدد دے سکتے ہیں

بہتر صحت کے لیے جسمانی سرگرمی نہایت ضروری ہے اور چلنا ان میں سے ایک انتہائی منفرد تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ پالتو کتے رکھنے والے عمر رسیدہ افراد روزانہ اوسطاً 2,760 قدم زیادہ چلتے ہیں۔

پالتو کتوں کے ساتھ وقت گزارنا اور ان کی دیکھ بھال کرنا عمر رسیدہ افراد کی جسمانی صحت بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ ایک تحقیقی مطالعے کے مطابق، 65 سال یا اس سے زائد عمر کے وہ افراد جو گھر میں کتے پالتے ہیں، دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق کتے پالنے والے بزرگ افراد روزانہ اوسطاً 10 ہزار 30 قدم چلتے ہیں، جبکہ کتے نہ رکھنے والے افراد کے روزانہ قدموں کی تعداد تقریباً 7 ہزار 270 ہے۔ اس طرح دونوں گروپوں کے درمیان روزانہ اوسطاً 2 ہزار 760 قدموں کا فرق سامنے آیا۔

مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ پالتو کتوں کو چہل قدمی کے لیے باہر لے جانے اور ان کی دیکھ بھال میں مصروف رہنے سے بزرگ افراد کی روزمرہ جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق، کتے رکھنے والے افراد روزانہ تقریباً 22 منٹ اضافی جسمانی سرگرمی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہفتے میں کتننے قدم چلنا آپ کی عمر میں 3 برس کا اضافہ کرسکتا ہے؟

رپورٹ کے مطابق اس تحقیق میں برطانیہ کے تین شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا گیا، جن میں ایک گروپ پالتو کتے رکھنے والے افراد پر مشتمل تھا، جبکہ دوسرے گروپ میں کتے نہ رکھنے والے افراد شامل تھے۔

محققین کا کہنا ہے کہ کتوں کی دیکھ بھال بزرگ افراد کو معمول کی جسمانی سرگرمیوں کی طرف راغب کرتی ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کی سفارشات کے مطابق، 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو ہفتے میں کم از کم 150 منٹ معتدل شدت کی جسمانی سرگرمی کرنی چاہیے۔ ماہرین کے مطابق، مناسب جسمانی سرگرمی عمر رسیدہ افراد کی صحت اور روزمرہ نقل و حرکت برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ پالتو جانور، بالخصوص کتے، بزرگ افراد کو فعال طرزِ زندگی اپنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔ تاہم، کتوں کی دیکھ بھال اور چہل قدمی ہر فرد کی جسمانی صلاحیت اور صحت کے مطابق ہونی چاہیے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version