سمندری ہوائیں بند رہنے کی وجہ سے کراچی میں آج بھی شدید گرمی رہے گی۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق شہر میں آج بھی پارہ 40 کے ہندسے کو چھونے کا امکان ہے، آج کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہےجبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق گرمی کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا،شہر میں سمندری ہوائیں معطل رہینگی۔
شہر میں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی ہوائیں چل رہی ہیں۔
شہر میں بارش؟
محکمہ مو سمیات کے مطابق آج شام شہر میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ شہر میں طوفانی بارشوں کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں ۔
اس وقت ہوا کا کم دباؤ راجستھان پر موجود ہے جبکہ ایک اور ہوا کا کم دباؤ خلیج بنگال میں بن چکا ہے۔
خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کی شدت زیادہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 18 ستمبر کے دوران شہر میں بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
جُزوی ہیٹ ویو کا آغاز
محکمہ موسمیات نے 4 روزہ جُزوی ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جُزوی ہیٹ ویو 17 ستمبر تک جاری رہے گی ،جس میں درمیانی شدت کی گرمی ہوگی جب کہ اس وقت سمندری ہوائیں مکمل بند ہیں۔
آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ زیریں سندھ، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
ماہرین صحت کی جانب سے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت
کراچی میں شدید گرم موسم کے پیش نظر ماہرین صحت کی جانب سے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ماہرین صحت نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہری 11 بجے تا شام 4 گھروں سے باہر نہ نکلیں، اگر باہر جانا ضروری ہے تو چھاؤں میں رہیں، سر پرگیلا تولیہ یا کپڑا ڈالیں پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا زیادہ استعمال کریں۔
ماہرین صحت کے مطابق گھبراہٹ، بخار یا چکر آنے کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
