ولیکا اسپتال میں بچوں میں ایچ آئی وی سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسپتال سے منسلک ایچ آئی وی متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 169 تک جا پہنچی ہے۔ متاثرین کی رجسٹریشن، مالی معاونت اور دیگر معاملات کے لیے اسپتال میں اب تک پانچ میڈیکل بورڈز تشکیل دیے جاچکے ہیں، جبکہ 142 متاثرین میڈیکل بورڈ میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں اور خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کے تحت اب تک 109 متاثرین کے بینک اکاؤنٹس بھی کھولے جاچکے ہیں جبکہ انڈومنٹ فنڈ کے تحت 76 متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی شروع کردی گئی ہے اور ان خاندانوں کو دو ماہ کی رقم منتقل کی جاچکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید 34 متاثرہ خاندان تاحال مالی معاونت کے منتظر ہیں۔ ان خاندانوں کو رقم کی منتقلی میں دستاویزات نامکمل ہونے اور بے نظیر کارڈ سے متعلق مسائل رکاوٹ بن رہے ہیں، جس کے باعث متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔
ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کا معاملہ گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل سامنے آرہا ہے۔ ابتدائی طور پر سرکاری سطح پر متاثرہ بچوں کی تعداد 78 بتائی گئی تھی۔ بعد ازاں مزید بچوں کی اسکریننگ اور ٹیسٹ کے نتیجے میں متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ رپورٹ ہوا۔
زرائع کے مطابق اب تک ایچ آئی وی سے 9 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اسپتال میں صرف 2 کا ریکارڈ موجود ہے تاہم جابحق ہونے والے افراد کو کوئی بھی فنڈ نہیں دیا گیا آئنڈہ میٹنگ میں فنڈ کے حوالے سے فیصلہ ہوگا۔
